صدر منڈل پریشد این گریدھر ریڈی کیلئے منعقدہ تقریب سے سینئر لیڈر ایم جئے پال ریڈی کا خطاب
ظہیرآباد۔ 4 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد کے نومنتخبہ صدر این گریدھر ریڈی کے اعزاز میں آج یہاں منڈل پرجا پریشد آفس کے احاطہ میں ایک تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی آنجہانی ایم باگاریڈی کے فرزند سابق صدرنشین ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو سوسائٹیز ایم جئے پال ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ملک کی سب سے قدیم پارٹی ہے جو ملک پر طویل حکمرانی کا ریکارڈ رکھتی ہے، لیکن چند سال سے کانگریس، مرکز اور ملک کی دیگر ریاستوں میں اقتدار سے محروم ہوگئی ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کانگریس دَم توڑ چکی ہے۔ انہوں نے ملک کے موجودہ حالات سے قطعی مایوس نہ ہونے کی کانگریس قائدین و کارکنوں سے پرزور اپیل کی کہ اور کہا کہ وہ عوام کی بدستور خدمت کرنے کو اپنا نصب العین بنالیں۔ انہوں نے اپنے کامل یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ملک میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کانگریس کا مضبوط گڑھ تھا، ہے اور رہے گا۔ انہوں نے نومنتخب صدر، نائب صدر اور دیگر کانگریس ارکان منڈل پریشد کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سابق صدر ظہیرآباد منڈل پرجا پریشد ایس نارائن ریڈی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ حالیہ اراکین ضلع پرجا پریشد اور منڈل پرجا پریشدوں کے انتخابات میں حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے 5 منڈلوں کے منجملہ 4 منڈل پرجا پریشدوں اور 5 ضلع پرجا پریشد حلقوں کے منجملہ 3 حلقوں پر کانگریس کا قبضہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد پر کانگریس کی مضبوط گرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے نزدیک حصول اقتدار کی اہمیت نہیں ہے بلکہ عوام کی بدستور خدمت کرنا سب سے اہم کام ہے۔ نومنتخب صدر این گریدھر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے انہیں بحیثیت صدر منتخب کرنے پر تمام کانگریس ارکان منڈل پرجا پریشد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی صدارتی نشست تک رسائی میں تمام سرکردہ قائدین و سرگرم کارکنوں کا بڑا دخل ہے جس کیلئے وہ بھی تشکر کے مستحق ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر صدارتی عہدہ کے فرائض انجام دیں گے۔ دیگر قائدین وائی نروتم، بچی ریڈی، ناگ شٹی راتھوڑ، اشوک کمار، بی بھاسکر، محمد اکبر حسین اور دوسروں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے دیگر قائدین کانتا ریڈی، محمد جعفر، طاہرہ بیگم، محمد فاروق علی، محمد معزالدین، محمد ماجد، محمد جمیل، نرسمہا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔
