حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) شہر کے تاریخی حلقہ اسمبلی چارمینار میں مقابلہ مجلس ۔ کانگریس کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ مجوزہ اسمبلی انتخابات میں دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے حلقہ اسمبلی چارمینار میں ممکنہ حد تک رائے دہندوں سے ملاقات کی کوشش کی جارہی ہے۔ مجلس اتحاد المسلمین نے حلقہ اسمبلی چارمینار سے اپنے امیدوار میر ذوالفقار علی کو میدان میں اُتارا ہے جو سابق میں مجلس بلدیہ حیدرآباد کے میئر رہ چکے ہیں۔ مجلس کی جانب سے موجودہ رکن اسمبلی ممتاز احمد خان کو ٹکٹ نہ دیئے جانے کے بعد کچھ دن کے لئے حلقہ اسمبلی چارمینار کے امیدوار کے متعلق تجسس پیدا ہوگیا تھا لیکن مجلس نے میر ذوالفقار علی کو میدان میں اُتارتے ہوئے تجسس کو برخاست کردیا۔ حلقہ اسمبلی چارمینار سے مجلسی امیدوار جناب میر ذوالفقار علی کے خلاف مقابلہ کرنے والوں میں کانگریس امیدوار جناب مجیب اللہ شریف شامل ہیں۔ حلقہ اسمبلی چارمینار کے بنیادی مسائل میں تاریخی چارمینار کے اطراف پیدل راہرو پراجکٹ کی تکمیل، متوازی سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ حلقہ کے حدود میں موجود کئی اہم تاریخی عمارتیں شامل ہیں۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے دائرے میں ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر طویل مدت سے زیرالتواء مسئلہ ہے لیکن انتخابات کے اعلان سے قبل اِس پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا جاچکا ہے۔ اِس سنگ بنیاد پر مقامی عوام کا کہنا ہے کہ خزانہ عامرہ کی اراضی پر 2014 ء سے قبل بھی ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا لیکن تعمیر اب تک شروع نہ ہوپائی ہے۔ کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف ترقیاتی منصوبہ کے علاوہ کانگریس کی 6 ضمانتوں کے ساتھ عوام کے درمیان ہیں۔ جبکہ مجلسی امیدوار جناب میر ذوالفقار علی اپنے سابقہ ریکارڈ کی بنیاد پر عوام سے ووٹ طلب کررہے ہیں۔ حلقہ اسمبلی چارمینار کے تحت جو علاقے آتے ہیں اُن میں حسینی علم، پرانا پل، شاہ علی بنڈہ، گھانسی بازار، پتھرگٹی کے علاوہ مغل پورہ شامل ہیں۔ اِن علاقوں کے عوام کے مسائل میں صفائی، بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی، معیاری سرکاری اسکول جیسے مسائل شامل ہیں۔ چارمینار حلقہ اسمبلی میں شفاء خانہ یونانی، نظامیہ طبی کالج، مکہ مسجد، بادشاہی عاشور خانہ، تاریخی چارمینار، گلزار حوض، چار کمان، پتھرگٹی، حسینی علم جونیر کالج، خورشید جاہ دیوڑھی، چو محلہ پیالس کے علاوہ دیگر کئی تاریخی عمارتیں شامل ہیں جن کی آہک پاشی اور تحفظ کے اقدامات کے متعلق عوام متفکر ہیں۔ چارمینار دواخانہ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ معیاری ادویات و تشخیص کے انتظامات اِس حلقہ کے عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کا سبب بن سکتے ہیں۔ اِسی طرح اگر حلقہ اسمبلی چارمینار میں سرکاری دواخانہ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے تو اِس کا فائدہ نہ صرف حلقہ کے عوام کو ہوگا بلکہ حلقہ اسمبلی چارمینار کی مرکزیت کی وجہ سے دیگر علاقوں کے عوام بھی اِس سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ مجلسی امیدوار جناب میر ذوالفقار علی نے واضح کیاکہ اُن کی کامیابی حلقہ اسمبلی چارمینار سے یقینی ہے اور وہ اِس حلقہ کی ترقی کے لئے ممکنہ اقدامات کریں گے اور طویل مدت سے زیرالتواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ جناب مجیب اللہ شریف جوکہ کانگریس کے امیدوار ہیں نے عوام کے درمیان پہونچ کر ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور وہ کانگریس کی 6 ضمانتوں کے ساتھ ساتھ حلقہ اسمبلی چارمینار سے غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمہ کا بیڑا اُٹھانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔ حلقہ اسمبلی چارمینار طویل مدت سے مجلس کے زیرقبضہ ہے اور چارمینار کے عوام کا مجلس اتحاد المسلمین پر اٹوٹ اعتماد جماعت کے امیدواروں کی مسلسل کامیابیوں کا سبب بنا ہوا ہے۔