حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں وزیر داخلہ محمد محمود علی کا دورہ

,

   

بارش کے متاثرین میں فی خاندان 10 ہزار روپئے کے چیکس تقسیم ، مسائل سے واقفیت حاصل کی
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج اسمبلی حلقہ چندرائن گٹہ کے حافظ بابا نگر کا دورہ کرتے ہوئے بارش و سیلاب کے نقصانات کا جائزہ لیا ۔ متاثرین سے بات چیت کی ۔ ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے انہیں بھروسہ دلایا کہ اس مصیبت کے موقع پر حکومت ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے ۔ انہوں نے بارش کے متاثرین کے گھر گھر پہونچکر متاثرہ فی خاندان میں 10 ہزار روپئے کے چیکس حوالے کئے اور متاثرین سے کہا کہ انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے فوری راحت کاری کے اقدامات کے لیے 550 کروڑ روپئے جاری کیے ہیں ۔ مکمل منہدم ہونے والے مکانات کو ایک لاکھ جزوی نقصان پہونچنے والے مکانات کو 50 ہزار روپئے دئیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ تمام متاثرین کو فی خاندان 10 ہزار روپئے دئیے جارہے ہیں ۔ حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کافی سنجیدہ ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں تمام ارکان اسمبلی گھر گھر پہونچکر متاثرین کی مدد کررہے ہیں ۔ حالیہ بارش و سیلاب سے گریٹر حیدرآباد میں پیش آئے بڑے پیمانے کے جانی مالی نقصانات پر وزیر داخلہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا اور کہا کہ وقفہ وقفہ سے حکومت تمام مسائل کو حل کرے گی ۔ اس موقع پر مقامی مجلس کے رکن اسمبلی اکبر الدین اویسی بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے ۔ بعد ازاں محمد محمود علی نے پرانا پل پر واقع حضرت موسیٰ قادریؒ کی بارگاہ پر حاضری دی ۔ حیدرآباد و تلنگانہ عوام میں راحت و سکون اور حالیہ بارش کے متاثرین کے لیے دعا کی ۔ اس موقع پر مئیر حیدرآباد بی رام موہن ، ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین ، مقامی کارپوریٹر ٹی آر ایس کے قائدین اور جی ایچ ایم سی کا اسٹاف بھی موجود تھا ۔۔