یوگی آدتیہ ناتھ کے مجوزہ دورہ پر کانگریس امیدوار عثمان بن محمد الہاجری کا ردعمل
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) جناب عثمان بن محمد الہاجری کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی کاروان نے یوگی آدتیہ ناتھ کے مجوزہ دورۂ کاروان پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی کاروان سے مجلسی امیدوار کو شکست کا خوف ستانے لگا ہے، اسی لئے وہ اب اوچھی حرکتوں پر اُتر آئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حلقہ اسمبلی کاروان سے کامیابی کے حصول اور کانگریس امیدوار کو ناکام بنانے کے لئے جو سازشیں کی جارہی ہیں، اسی کے حصے کے طور پر کاروان میں چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کا روڈ شو منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کاروان بیشتر علاقوں دورہ کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے ملاقات کی اور عوامی رجحانات کا جائزہ لیا جائے تو کاروان کے عوام کانگریس کو اقتدار میں لانے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں دیکھی جانے والی تبدیلی کے اِس رجحان سے خوف زدہ قائدین اب پیدل دوروں اور جلسوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں انتخابی میدان میں موجود شرپسند عناصر ، کانگریس امیدوار کو مقصد سے ہٹانے کیلئے شرانگیز کوششوں کا آغاز کرچکے ہیں۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے عوام اور حلقہ اسمبلی کاروان کے رائے دہندوں نے جو تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، اس سے برسراقتدار طبقے کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ اسی لئے وہ کانگریس پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں جبکہ کانگریس کے دور اقتدار سے استفادہ کرنے والے یہی لوگ تھے۔ انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابی عمل کے دوران کسی بھی طرح شرانگیزی کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں جمہوری انداز میں اور جمہوریت کے دائرے میں رہتے ہوئے اس کا موثر جواب دیا جائے گا۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی کاروان کے عوام کانگریس کی جانب سے پیش کی گئی 6 ضمانتوں کو قبول کرتے ہوئے مثبت ردعمل ظاہر کررہے ہیں اور انہیں توقع سے زیادہ بہتر رجحانات نظر آرہے ہیں جوکہ حلقہ اسمبلی کاروان سے کانگریس کی کامیابی کی کلید ہیں۔