سابقہ رکن اسمبلی اور کارپوریٹرس کی کارکردگی پر استفسار ، بلدیہ کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش
حیدرآباد۔13فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے کئی علاقوں میں صورتحال ایسی ہے کہ وہاں انسانوں کا زندگی گذارنا محال ہے۔ اس بات کا اعتراف خود مقامی رکن اسمبلی جناب سید احمد پاشاہ قادری نے گذشتہ دنوں منعقد ہونے والے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے بجٹ اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں کیا اور کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے عدم صفائی کی صورتحال اور حلقہ اسمبلی میں پائی جانے والی گندگی کے سبب اس علاقہ میں کتا بھی زندگی نہیں گذار سکتا۔ انگریزی کے مؤخر روزنامہ میں مقامی رکن اسمبلی کے خطاب کے حوالہ سے شائع شدہ خبر کے مطابق انہو ںنے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے کونسل ہال میں مباحث کے دوران کہا کہ شہر حیدرآباد میں صفائی کے ناقص انتظامات ہیں لیکن اس سے کہیں زیادہ ان کے اپنے حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں حالات انتہائی ابتر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر 24گھنٹے ان کے علاقہ میں کسی کتے کو باندھ دیا جائے تو وہ اندرون 24گھنٹے فوت ہوجائے گا لیکن اس کے باوجود ان علاقوں میں انسانوں کی بستیاں آباد ہیں جو انتہائی خطرناک حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ رکن اسمبلی یاقوت پورہ نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی توجہ یاقوت پورہ کی جانب مبذول تو کروانے میں کامیابی حاصل کرلی لیکن ان کی تقریر خود اس بات کا ثبوت ہے کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کو کس حد تک نظر انداز کیا گیا ہے
۔رکن اسمبلی کی اس تقریر پر جاری تبصروں میں یہ استفسار کیا جانے لگا ہے کہ کیا رکن اسمبلی حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کی اس حالت کیلئے صرف بلدی عہدیداروں کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں یا پھر ان کی نظر میں سابق رکن اسمبلی کے علاوہ موجودہ کارپوریٹرس بھی اص صورتحال کیلئے کچھ ذمہ دار ہیں کیونکہ عوام نے کارپوریٹرس کو بلدی مسائل کے حل کیلئے منتخب کیا ہے اور ان کے حلقہ اسمبلی میں تمام کا تعلق ان کی سیاسی جماعت کے ارکان سے ہی ہے اور وہ یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ دوسری جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین بلدیہ کے سبب بہتر تال میل نہیں ہو پا رہاہے اور حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ پارلیمانی حلقہ حیدرآباد میں شامل ہے اور خود رکن اسمبلی اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے کئی علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات عوام کی صحت کیلئے سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے۔ شہر حیدرآباد میں صفائی کے ناقص انتظامات کے سلسلہ میں بجٹ مباحث کے دوران کی گئی بحث میں نہ صرف یہ مسئلہ بلکہ دیگر کئی مسائل سامنے لائے گئے اور ان مسائل کا ان منتخبہ نمائندوں کی جانب سے ایوان میں اٹھایا جانا اپنی ناکامی کے اعتراف کے مترادف تصور کیا جا رہا ہے۔ رکن اسمبلی کے اس بیان پر عہدیداروں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں نالوں کی صفائی کے لئے کنٹراکٹرس راضی نہیں ہو رہے ہیں جس کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔