حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں 40 سال کے دوران 10 فیصد کام کی بھی تکمیل نہیں

   

دواخانہ، سرکاری کالجس کو منظور کروانے کی یقین دہانی، امجداللہ خان کی انتخابی مہم

حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) ترقیاتی کاموں پر اعلانات اور وضاحتوں کے بجائے 40 سال سے کوئی کام انجام نہ دیئے جانے پر وضاحت کی جائے تو قیادت کے لئے بہتر ہوگا کیوں کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے عوام جانتے ہیں کہ اُنھیں 40 برسوں میں جو سہولتیں مہیا کروائی جانی چاہئے تھی اُن میں 10 فیصد کام بھی مکمل نہیں کئے گئے بلکہ نالوں کے اُبلنے سے لے کر اُن کی صفائی تک کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ جناب امجد اللہ خان خالد ترجمان مجلس بچاؤ تحریک و امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ نے آج اپنے حلقہ کے علاقوں چونے کی بھٹی، مدینہ نگر کے علاوہ دیگر مقامات کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور کہاکہ وہ بحیثیت امیدوار میدان میں ہیں تو 30 سال سے زائد عرصہ سے حلقہ کی نمائندگی کرنے والے قائدین اِس بات کی وضاحتیں کررہے ہیں کہ 50 بستروں پر مشتمل دواخانہ منظور کیا جاچکا ہے، تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ جناب امجد اللہ خان خالد نے استفسار کیاکہ اگر یہ کام مکمل ہوچکے ہیں تو اِس کی تفصیلات پیش کی جائے اور اگر محض اعلان اور احکام ہیں تو 30 سال میں یہ اعلانات اور احکامات کیوں جاری نہیں کئے گئے۔ امیدوار مجلس بچاؤ تحریک نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے غریب عوام میں جو بیماریاں پائی جارہی ہیں، اُن کے علاج کے لئے حلقہ اسمبلی میں فوری طور پر ایک معیاری دواخانہ کی ضرورت ہے جوکہ اُن کی اوّلین ترجیح ہوگی۔ اُنھوں نے بتایا کہ وہ منتخب ہونے کے فوری بعد حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں معیاری سرکاری دواخانے کے قیام کے لئے جدوجہد کا آغاز کریں گے اور اندرون ایک برس ایک معیاری سرکاری دواخانہ حلقہ کے عوام کی خدمت میں ہوگا۔ اُنھوں نے یاقوت پورہ میں جونیر اور ڈگری کالج نہ ہونے پر موجودہ رکن اسمبلی اور سابق میں اِس حلقہ سے نمائندگی کرنے والوں کے علاوہ رکن پارلیمنٹ سے استفسار کیاکہ اِس علاقہ کی ترقی، نوجوانوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کئے بغیر کس طرح ممکن ہوگی۔ اُنھوں نے بتایا کہ شاید ہی شہر حیدرآباد اور تلنگانہ میں کوئی ایسا حلقہ اسمبلی ہوگا جہاں سرکاری جونیر و ڈگری کالج موجود نہ ہو۔ لیکن حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں مسلسل توجہ دہانی کے باوجود اب تک سرکاری تعلیمی اداروں کے قیام میں کوتاہی برتی گئی۔