ملازمین کی غیر موجودگی پر اظہارِ ناراضگی:بھٹی وکرامارکا
حیدرآباد۔ 28 نومبر (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے آج اپنے اسمبلی حلقے مدیرا کے میونسپل دفتر کا اچانک معائنہ کیا اور ملازمین اور عہدیداروں کی غیر حاضری پر ناراضگی ظاہر کی۔ بھٹی وکرامارکا جب آفس پہنچے تو بیشتر کرسیاں خالی تھیں۔ انہوں نے ملازمین کی غیر حاضری کے بارے میں استفسار کیا تو عہدیدار مختلف بہانے بنانے لگے۔ بھٹی وکرامارکا نے رجسٹر حاضری کے ذریعہ ملازمین کے بارے میں استفسار کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ غیر حاضر ملازمین دراصل ٹیکس کلکشن کے لیے گئے ہوئے ہیں جس پر بھٹی وکرامارکا نے سوال کیا کہ رجسٹر حاضری میں دستخط کے بعد جاسکتے تھے۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تمام سرکاری محکمہ جات میں بہتر عوامی خدمات کو یقینی بنایا جائے تاکہ نظم و نسق پر عوام کا اعتماد رہے۔ انہوں نے آر ٹی سی مسئلہ پر بات چیت کے لیے چیف منسٹر کی جانب سے وقت نہ دیئے جانے پر تنقید کی۔