حلقہ خیریت آباد سے غنڈہ گردی ختم ہوجائے گی

   

وجیہ ریڈی کے پیدل دورے، عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔20نومبر(سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی حکومت اب محض 10 دن کی مہمان ہے اور حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے رائے دہندے ڈی ناگیندر کو ووٹ دیتے ہوئے اپنے ووٹ کو ضائع ہونے نہ دیں بلکہ کانگریس کے حق میں ووٹ کے استعمال کے ذریعہ ریاست میں کانگریس اور خیریت آباد میں پی وجیہ ریڈی کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی کو حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے مسلم علاقوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم علاقوں میں جو مقبولیت حاصل ہورہی ہے اسے دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ اس مرتبہ پی وجیہ ریڈی کی بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے اور 3ڈسمبر کے بعد ریاست تلنگانہ اور حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں ایک اور دیوالی منائی جائے گی۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے اپنے حلقہ کے رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ نوجوانوں کو ہراساں کررہے ہیں وہ سنبھل جائیں کیونکہ 10دن کے بعد ان کے پاس کوئی عہدہ نہیں ہوگا اور وہ یکا و تنہاء ہوجائیں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ انتخابات کا دور ختم ہوجائے گا لیکن ہراساں کرنے والوں کوعوام یاد رکھیں گے۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے ساتھ ہی سب سے پہلے ریاست سے غنڈہ گردی کا خاتمہ کیا جائے گا اور اس غنڈہ گردی کو جو 10 سال سے جاری ہے ختم ہونا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کی تائید انہیں جس انداز سے مل رہی ہے اس سے مخالفین خوفزدہ ہوچکے ہیں اور خوف کے عالم میں ایسی غلطیاں کر رہے ہیں جو کہ ان کو مزید گمنامی اور عوامی نفرت کا شکار بنا رہی ہیں۔ وجیہ ریڈی نے کہا کہ جو لوگ 10 سال سے حلقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں وہ ان 10برسوں میں عوام کے درمیان رہنے کے بجائے عیش و عشرت کی زندگی گذارنے میں مصروف رہے جبکہ جن رائے دہندوں نے انہیں ووٹ دیتے ہوئے کامیاب بنایا ہے وہ ان سے ملاقات کے لئے کوشش کے باوجود ناکام رہے ۔