ناری شکتی کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔/31 جنوری، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے حیدرآباد لوک سبھا حلقہ میں پہلی مرتبہ ناری شکتی کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ پارٹی سے وابستہ دو سرگرم خواتین نے حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ صدرنشین ویرنچی ہاسپٹل اے مادھوی لتا اور مہیلا مورچہ کی نائب صدر یمنا پاٹھک نے حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے ٹکٹ کیلئے پیروی شروع کردی ہے۔ مادھوی لتا مذہبی اور رضاکارانہ خدمات کیلئے جانی جاتی ہیں اور انہوں نے پرانے شہر کے کئی مسائل کو پیش کیا ہے۔ وہ این سی سی کیڈٹ کے ساتھ ساتھ کلاسیکی موسیقی کی فنکار اور بھرت ناٹیم کی ڈانسر رہ چکی ہیں۔ ایک کامیاب صنعت کار کے طور پر وہ ہاسپٹل کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں اور ایک سافٹ ویر کمپنی کی مالک ہیں۔20 سال قبل انہوں نے چیاریٹبل ٹرسٹ قائم کیا جس کے ذریعہ سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے مہم چلائی جاتی ہے۔ انہوں نے سلم علاقوں میں مفت میڈیکل کیمپس قائم کئے۔ وہ پرانے شہر میں ٹیلرنگ سنٹرس کے قیام کے ذریعہ خواتین کو تربیت دے رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی قیادت نے حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کی دونوں دعویداروں کی تفصیلات پارٹی ہائی کمان کو روانہ کردی ہیں۔1