حلقہ لوک سبھا سکندرآباد :بی آر ایس اور بی جے پی میںاصل مقابلہ

   

کے سی آر حکومت کا 10 سالہ دورمثالی ، ٹی سرینواس یادو کا بیان
حیدرآباد۔حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ مسلمانوں کے ووٹ فیصلہ کن موقف رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی صنعت نگر تلاسانی سرینواس یادو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے امیدوار و رکن پارلیمان سکندرآباد پدما راؤ گوڑ ایک ایسے موزوں شخص ہیں جو ہر مذہب کا احترام کرتے ہیں، عوام کے درمیان چوبیس گھنٹے رہتے ہوئے ان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرتے ہیں، آج ہماری اہم ذمہ داری پدما راؤ گوڑ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر پارلیمنٹ پہنچانا ہے۔ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان حلقہ پارلیمان سکندرآباد میں اصل مقابلہ ہے۔ اگر مسلمان اپنے قیمتی ووٹ پدما راؤ گوڑ کے حق میں استعمال کریں گے تو سکندرآباد کے عوام کو مزید فلاحی اسکیموں سے فائدہ حاصل ہوگا۔ گزشتہ 10 برسوں میں کے سی آر نے جو کارنامے انجام دیئے ہیں، وہ کسی پارٹی کے دور حکومت میں نہیں ہوئے۔ کانگریس حکومت کے برسراقتدار آکر پانچ ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے لیکن ہنوز عوامی مسائل حل نہیں ہوئے۔