تمام طبقات میں مقبول قائد پرکاش راتھوڑ کا نام طاقتور اُمیدوار کی حیثیت سے زیرگشت
نرمل ۔26 ڈسمبر ۔ ( جلیل ازہر کی رپورٹ ) دس سال بعد ریاست تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار پر واپسی کے ساتھ ہی آئندہ سال منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات پر تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی توجہہ مرکوز کردی ہے ۔ حلقہ لوک سبھا عادل آباد جو ST محفوظ حلقہ ہے اور 7 اسمبلی حلقہ جات نرمل ، خانہ پور ، آصف آباد ، عادل آباد بوتھ ، مدہول ، سرپور اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے یہ پارلیمانی حلقہ 2009 ء سے ایس ٹی طبقہ کے لئے محفوظ قرار دیا گیا تھا ۔ پہلی مرتبہ قبائیلی طبقہ سے 2009 ء میں تلگودیشم سے رمیش راتھوڑ لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔ دوسری مرتبہ 2014 ء میں گڈم ناگیش بی آر ایس سے لوک سبھا کیلئے کامیابی حاصل کی تھی ۔ تیسری مرتبہ 2019 ء میں باپو راؤ بھارتیہ جنتا پارٹی سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ اب ریاست میں کانگریس کی کامیابی سے رائے دہندوں کے مزاج میں کافی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔ شاید چوتھی مرتبہ اس محفوظ حلقہ پر کانگریس اپنی کامیابی درج کرواسکتی ہے ۔ سیاسی حلقوں میں اس محفوظ نشست کے لئے کانگریس سے ایک طاقتور امیدوار کی حیثیت سے موجودہ اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس عہدیدار پرکاش راتھوڑ کا نام سیاسی حلقوں میں گشت کررہا ہے کیونکہ پرکاش راتھوڑ ایس ٹی طبقہ میں مقبول ہیں ۔ اسی طرح عام طبقات میں بھی برسوں سے ان کی فلاحی ، تعلیمی سرگرمیوں کی وجہ ان حلقہ اسمبلی مدہول ، نرمل ، سرپور عادل آباد وغیرہ میں بھی کافی مقبولیت حاصل ہے ۔ ویسے پارٹی ہائی کمان تک بھی ان کا نام گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں اخبار کی سرخیوں میں رہا ۔ باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مسٹر پرکاش راتھوڑ خود بھی آئندہ سال منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اپنی ملازمت کو قبل از وقت چھوڑ دینے کی تیاری کرلی ہے۔ ویسے ہر سیاسی جماعت مضبوط امیدوار کے لئے تلاش شروع کرچکی ہے تاہم ہر علاقہ میں کانگریس سے پرکاش راتھوڑ کو مضبوط امیدوار تصور کیا جانے لگا ہے کیونکہ اس وقت عادل آباد کی پارلیمانی نشست پر بی جے پی کا قبضہ ہونے کے باوجود اسمبلی میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سیاسی رجحان کانگریس کے حق میں دکھائی دے رہا ہے اور یہ نشست جب سے ایس ٹی طبقہ کے لئے محفوظ ہوئی ہے پہلی مرتبہ تلگودیشم ، دوسری مرتبہ بی آر ایس ، تیسری مرتبہ بی جے پی کو رائے دہندوں نے کامیابی سے ہمکنار کروایا ہے ۔ اب چوتھی مرتبہ یہ نشست کانگریس کے حصہ میں آسکتی ہے ۔ کانگریس کے اعلیٰ قائدین کو حلقہ پارلیمان عادل آباد کی نشست پر خصوصی توجہہ دینے کی ضرورت ہے اور اس نشست کے لئے کانگریس سے پرکاش راتھوڑ مناسب امیدوار ثابت ہوسکتے ہیں۔
