کانگریس امیدوار فیروز خاں عوام کی اولین ترجیح، روایتی قیادت کے خلاف عوام میں ناراضگی
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) نامپلی اسمبلی حلقہ کو عام طور پر نئے شہر کے ترقی یافتہ حلقہ کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن یہ حلقہ بنیادی ، بلدی، برقی اور آبرسانی سہولتوں سے محروم ہے۔ علاقہ میں جگہ جگہ کچرے کے انبار، آوارہ کتوں کی بہتات اور سڑکوں پر بہتا ہوا گندہ پانی عوام کی مصیبتوں اور پریشانیوں میں اضافہ کا سبب ہے۔ معمولی بارش کے نتیجہ میں نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے سے غریبوں کا بھاری نقصان ہوتا ہے۔ اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران رائے دہندوں نے مقامی مسائل کو پیش کرتے ہوئے یہ عہد کیا ہے کہ گذشتہ کئی دہوں سے جس پارٹی نے علاقہ کو نظرانداز کیا اسے سبق سکھایا جائے گا۔ کانگریس امیدوار محمد فیروز خاں جو گذشتہ 15 برسوں سے کسی منتخب عہدہ کے بغیر عوام کی خدمت کررہے ہیں انہوں نے برسراقتدار آنے پر بنیادی مسائل حل کرنے کا تیقن دیا ہے۔ ریڈ ہلز کے علاقہ میں حال ہی میں آتشزدگی کے واقعہ میں 8 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور علاقہ میں پرنٹنگ پریس کی کثرت کے نتیجہ میں عوام ابھی بھی خوفزدہ ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 200 سے زائد پرنٹنگ پریس علاقہ میں موجود ہیں جن کے پاس کیمیکلس کا ذخیرہ موجود ہوتا ہے۔ افضل ساگر، بازار گھاٹ اور ریڈ ہلز کے علاقہ میں کھلے عام کچرے کے انبار عوام کی صحت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کچرے کی نکاسی کے بارے میں بارہا عوامی نمائندوں کو توجہ دلائی گئی لیکن مستقل حل تلاش نہیں کیا گیا۔ مساجد کے اطراف گندگی اور گندے پانی کے بہاؤ سے مصلیوں کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔ افضل ساگر، حبیب نگر، چار قندیل اور آغا پورہ جیسے علاقوں میں بارش کے پانی کے جمع ہونے کا سنگین مسئلہ ہے۔ کانگریس امیدوار محمد فیروز خاں کو رائے دہندوں نے تائید کا یقین دلایا اور کہا کہ مجلس نے ان مسائل پر کبھی توجہ نہیں دی۔ 2009 سے قبل نامپلی کے علاقہ آصف نگر اسمبلی حلقہ کے تحت تھے۔ اس حلقہ میں جملہ 6 بلدی ڈیویژنس ہیں۔ مسلم رائے دہندوں کی تعداد تقریباً 50 فیصد ہے جبکہ جملہ رائے دہندے 312477 ہیں۔ فیروز خاں نے اپنے ذاتی خرچ سے کئی فلاحی کام انجام دیئے جن میں ٹینکرس کے ذریعہ ہر گھر پانی کی سربراہی شامل ہیں۔ حلقہ میں اصل مقابلہ کانگریس، مجلس اور بی آر ایس کے درمیان ہے جبکہ بی جے پی نے بھی اپنا امیدوار میدان میں اتارا ہے۔ 2014 اور 2018 میں مجلس کے جعفر حسین معراج اس حلقہ سے منتخب ہوئے اور فیروز خاں دوسرے نمبر پر رہے۔ کانگریس کو یقین ہے کہ اس مرتبہ تبدیلی کی لہر فیروز خاں کو کامیاب کرے گی۔ انہوں نے رائے دہندوں سے وعدہ کیا کہ وہ کانگریس برسراقتدار آنے پر نامپلی کیلئے خصوصی فنڈز حاصل کریں گے۔