حلقہ وائناڈ پر لفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کی خصوصی توجہ

   

کیرالا میں حکمراں محاذ کی مہم، پرکاش کرت کی ڈی راجہ سے دہلی میں ملاقات
نئی دہلی ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں لفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) نے حلقہ لوک سبھا وائناڈ سے مقابلہ کرنے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے اعلان کے بعد اس حلقہ پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ راہول گاندھی اترپردیش میں اپنا طاقتور سیاسی گڑھ سمجھے جانے والے حلقہ امیتھی کے علاوہ وائناڈ سے بھی مقابلہ کررہے ہیں۔ سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر پرکاش کرت نے سی پی آئی کے لیڈر ڈی راجہ سے آج دہلی میں ملاقات کی اور کانگریس کے اس اعلان کے بعد کیرالا میں حکمراں ایل ڈی ایف کو مستحکم رکھنے کے لئے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ بائیں بازو محاذ کے ذرائع نے کہاکہ ڈی راجہ 3 اپریل کو وائناڈ کا دورہ کریں گے اور سلسلہ وار اجلاسوں سے خطاب کریں گے۔ کرت بھی ایک دو دن میں کیرالا روانہ ہورہے ہیں اور وائناڈ میں بھی ان کا پروگرام منعقد ہوگا۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہاکہ حلقہ وائناڈ سے راہول گاندھی کو ہرانے کی ممکنہ کوشش کی جائے گی۔ ہم اُن کی امیدواری سے خوفزدہ نہیں ہیں۔