حماس ابھی ختم نہیں ہوئی، ہم یہ منزل پا کر کے دم لیں گے : نیتن یاہو

   

یروشلم ۔ 7 اکتوبر (ایجنسیز) اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہم غزہ کی جنگ کے اختتام کے قریب ہیں تاہم کچھ کام کرنے باقی ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’’حماس ابھی تباہ نہیں ہوئی، ہم یہ منزل پا کر دم لیں گے‘‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حزب اللہ اور حوثیوں کو شدید چرکے لگے ہیں۔ایک ہی سانس میں انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ اسرائیل، امریکہ کو ایران سے بچا رہا ہے۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل اور فلسطینی تنظیم کے درمیان غزہ میں جاری لڑائی ختم کرانے کی غرض سے اسرائیل اور حماس کے درمیان پیر کے روز شروع ہونے والا بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ میں ختم ہو گیا۔ غزہ کی پٹی میں جنگ کے خاتمہ کے لیے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے پلان کی روشنی میں بالواسطہ مذاکرات کا یہ سلسلہ منگل کو بھی جاری رہے گا۔دو برس قبل فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے اسرائیل پر غیر معمولی حملے کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے۔ اس حملے نے غزہ کی پٹی میں تباہ کن جنگ کی بنیاد رکھی جو آج بھی جاری ہے جبکہ دونوں فریق مصر میں ان دنوں اس جنگ کے خاتمہ کیلئے بالواسطہ مذاکرات کر رہے ہیں۔ اسرائیل کے سرکاری اعداد و شمار میں کیے گئے دعوے کے مطابق غزہ سے اسرائیل پر کیے جانے والے حملے میں کم سے کم 1219 اسرائیلی شہری ہلاک ہوئے۔