حماس اور اسرائیل کے جنگ بندی مذاکرات بے نتیجہ ختم

   

دوحہ ۔ 7 جولائی (ایجنسیز) قطر میں حماس اور اسرائیل کے درمیان فائر بندی کے لیے بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ یہ بات معاملہ سے واقف دو فلسطینی ذرائع نے آج پیر کی صبح بتائی۔ ذرائع نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی وفد کے پاس حماس کے ساتھ معاہدہ تک پہنچنے کا مناسب اختیار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ میں بالواسطہ مذاکرات کی پہلی نشست کے بعد اسرائیلی وفد کو اتنا اختیار حاصل نہیں کہ وہ حماس کے ساتھ معاہدہ کر سکے کیوں کہ اس کے پاس کوئی حقیقی اختیار نہیں۔ قطر میں ہونے والی یہ بات چیت اسرائیلی وزیر اعظم کی وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات سے قبل اتوار کو شروع ہوئی۔ واشنگٹن روانہ ہونے سے پہلے نیتن یاہو نے کہا تھا کہ فائر بندی مذاکرات میں شریک اسرائیلی مذاکرات کاروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ان شرائط پر فائر بندی کا معاہدہ کریں جو اسرائیل نے منظور کی ہیں۔ نیتن یاہو کا اشارہ اس تجویز کی طرف تھا، جسے امریکی صدر ٹرمپ کے مقرر کردہ ثالثی اسٹیو وٹکوف نے تیار کیا ہے۔ اسرائیل میں ماہرین اور سفارت کاروں کا کہنا ہے کی اسرائیل اور حماس کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو دور کیا جاسکتا ہے۔