حماس رہنما کااسرائیلی قید میں انتقال

   

تل ابیب: فلسطین کے ایک سرکاری ادارے نے جمعہ کے روز بتایا کہ مغربی کنارے میں حماس کے ایک رہنما کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد ان کا اسرائیلی حراست میں انتقال ہوگیا۔ فلسطینی کمیشن برائے امورِ اسیران نے ایک بیان میں کہا کہ 63 سالہ مصطفی محمد ابو عرہ جنوبی اسرائیل کی رامون جیل سے ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد انتقال کر گئے۔بیان میں کہا گیاکہ گرفتاری سے پہلے وہ صحت کے سنگین مسائل میں مبتلا تھے اور انہیں علاج کی اشد ضرورت تھی۔ تاہم گرفتاری کے وقت سے شیخ ابو عرہ کو دیگر تمام قیدیوں کی طرح بے مثال جرائم کا سامنا کرنا پڑا ہے۔فلسطینی ادارے نے بتایا کہ ابو عرہ جنہیں گذشتہ سال اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا، ان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اسے طبی علاج سے محروم رکھا گیا۔ اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔