غزہ ؍تل ابیب؍ دوحہ : مغربی کنارے میں کریک ڈائون کے نام پر ملٹری آپریشن کرنے میں مصروف اسرائیلی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنین میں ملٹری آپریشن کے لیے جانے والی ٹیم اور حماس کے درمیان گھمسان کی جھڑپ ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اسٹاف سارجنٹ 20 سالہ لیام ہازی مارا گیا جب کہ دیگر5 اہلکار شدید زخمی اور زیر علاج ہیں‘ ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جیسے ہی فوجی ٹیم جنین پناہ گزین کیمپ کی ایک عمارت میں داخل ہوئی پہلے سے موجود 2 بندوق برداروں نے فائرنگ کردی‘ جھڑپ کے بعد دونوں بندق بردار دوسری عمارت کے راستے فرار ہوگئے۔ دوسری طرف مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے10 ویں دن بھی آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ جنین کیمپ کی عمارتوں کو دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے طولکرم کیمپ پر دھاوا بول دیا۔ دونوں کیمپوں سے دھماکوں کی آوازیں آتی رہیں۔