حماس غزہ امن مذاکرات کا نیا دور شروع کرنے پر آمادہ

   

غزہ؍یروشلم۔ 2 جون (یو این آئی) حماس نے کہا کہ وہ غزہ جنگ بندی پر فوری طور پر بالواسطہ بات چیت شروع کرنے کیلئے تیار ہے ۔ حماس نے اتوار کو ایک پریس بیان میں کہا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدہ تک پہنچنے کیلئے قطر اور مصر کی جانب سے جاری کوششوں کی ستائش کرتاہے ۔ اس نے کہا کہ وہ دوسرے فریق کے ساتھ زیر التوا امور کو حل کرنے کیلئے فوری طور پر بالواسطہ بات چیت کا ایک دور شروع کرنے کیلئے تیار ہے ۔ حماس نے کہا کہ اس کی بات چیت کا مقصد غزہ میں ‘انسانی تباہی کو ختم کرنا فلسطینی عوام کو راحتی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا اور غزہ پٹی سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلاء کے ساتھ ایک مستقل جنگ بندی کا حصول ہے ۔ حماس کے اعلان پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق ہے اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال ضمیر نے غزہ پٹی کے جنوبی اور شمالی دونوں حصوں میں اضافی علاقوں میں زمینی کارروائیوں کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگرمیوں میں توسیع اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی اور حماس کی فیصلہ کن شکست کیلئے حالات پیدا نہیں ہو جاتے ۔