حماس نے مزید 2 یرغمالیوں کی نعشیں لوٹا دیں

   

بیروت : 22 اکٹوبر ( ایجنسیز ) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے مزید 2 یرغمالیوں کی نعشیں اسرائیل کے حوالے کردیں ۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ریڈ کراس سے یرغمالیوں کی نعشیں وصول کرنے کی تصدیق کردی ۔ دونوں نعشوںکو فرانزک میڈیسن کے نیشنل انسٹیٹیوٹ منتقل کردیا گیا جہاں شناخت کا عمل مکمل کیا جائے گا ۔ جنگ بندی معاہدہ کے تحت حماس اب تک ہلاک 28 مغویوں میں سے 13 کی نعشیں اسرائیل کے حوالے کرچکی ہے۔ تاہم حماس نے آج مزید 2 نعشیں اسرائیل کے سپرد کیں جس کے بعد اسرائیل کو موصول ہونے والے یرغمالیوں کی نعشوں کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حماس کی قید میں اب بھی 13 یرغمالیوں کی نعشیں موجود ہیں۔

برطانوی فوجی غزہ امن منصوبہ کے نگراں، اسرائیل میں تعیناتی
تل ابیب : 22 اکٹوبر ( ایجنسیز ) امریکہ کی درخواست پر برطانوی فوجیوں کوغزہ امن منصوبے کی نگرانی کیلئے اسرائیل میں تعینات کردیا گیا۔برطانوی فوج کے ایک سینئر کمانڈراورمحدود تعداد میں فوجیوں کو امریکہ کی درخواست پر غزہ امن منصوبے کی نگرانی کیلئے اسرائیل بھیجا گیا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے پیر کو لندن میں رہنماؤں سے خطاب کے دوران اس تعیناتی کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی فورسز خصوصی مہارت اور تجربے کے ذریعہ خطے میں طویل المدتی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔اُن کاکہنا تھا کہ ایک برطانوی اعلیٰ افسر کو امریکی کمانڈر کا ڈپٹی کمانڈر مقرر کیا گیا ہے جو ایک سول ملٹری کو آرڈی نیشن سینٹر چلائیں گے۔