بدلے میں 369 فلسطینی رہا ‘جنگ بندی معاہدہ پر عمل جاری
غزہ :فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت مزید 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کو خان یونس میں منعقد کی گئی باقاعدہ تقریب میں ریڈ کراس کے حوالے کیا۔ ریڈ کراس کی اہلکار نے یرغمالیوں کی رہائی کی دستاویزات پر دستخط بھی کیے۔غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 369 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل حماس نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد روک دی تھی تاہم مصر اور ترکی کی جانب سے فریقین کو معاہدے پر عمل درآمد پر آمادہ کیا گیا جس کے بعد مزید یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہو سکی۔ میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے 3 یرغمالیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے جن میں روسی نژاد اسرائیلی شہری الیگزینڈر ساشا تروفانوف، امریکی نژاد اسرائیلی شہری ساگی دیکل اور اسرائیلی شہری لائیر ہورن کو رہا کیا گیا۔ میڈیاکے مطابق ان تینوں یرغمالیوں کو 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں غزہ کے قریب کیبوتز نیر اوز سے حراست میں لیا گیا تھا۔میڈیا کے مطابق لائیر ہورن کا بھائی ایتان تاحال یرغمال ہے۔حماس کے مطابق ان تین قیدیوں کے بدلے میں اسرائیلی کل 369 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں عمر قید کے 36 قیدی اور 7 اکتوبر کے بعد غزہ سے گرفتار کیے گئے 330 قیدی شامل ہیں۔ اسرائیل سے رہا فلسطینیوں کا رام اللہ اور غزہ میں خان یونس پہنچنے پر پْرجوش استقبال ہوا اور لوگ برسوں بعد اپنے پیاروں سے مل کر آبدیدہ ہوگئے اور ان سے لپٹ گئے۔