غزہ کے اندر زمینی کارروائی کے دوران 15 فوجی مارے گئے ،اسرائیلی فوج کا اعتراف
تل ابیب:اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے اندر زمینی کارروائی کے دوران اس کے 15 فوجی مارے گئے۔ان میں سے کچھ اس وقت مارے گئے جب ان کی ٹائیگر بکتر بند گاڑی کو کورنیٹ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ اس کا رخ غزہ شہر کی شجاعیہ کالونی کے مشرق میں تھا۔اسرائیلی ویب سائٹ نے بتایا کہ ایک بکتر بند گاڑی کو جس طرح تباہ کردیا گیا اس سے اسرائیل حیران ہوگیا۔ اسرائیل اس گاڑی کی تیاری پر لاکھوں شیکل خرچ کرتا ہے۔امریکیا?رمی ریکگنیشن ویب سائٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ٹیکنالوجی اور لاجسٹکس ڈپارٹمنٹ نے برسوں پہلے اس بکتر بند گاڑی کو تیار کیا تھا۔ اور اسے ٹائیگر کا نام دیا تھا تاکہ مختلف شعبوں میں معمول کے حفاظتی مشن انجام دیے جاسکیں۔تاہم یہ ٹروپ کیریئر اصل میں اوشکوش نے ڈیزائن کیا تھا۔ یہ کمپنی خصوصی ٹرکوں، فوجی گاڑیوں، ٹرکوں کی باڈیز، کرینوں کی ڈیزائننگ اور مینوفیکچرنگ میں مہارت رکھتی ہے۔ اسرائیلی فوج نے ان میں سے سینکڑوں گاڑیاں سال پہلے لاجسٹک ٹرانسپورٹ میں استعمال کے لیے خریدی تھیں۔ 2017 میں اسرائیلی وزارت دفاع نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر 200 ’’ ٹائیگر‘‘ بکتر بند گاڑیاں خریدنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ گاڑیاں 2018 میں فراہم کی جانی تھیں۔اس بکتر بند گاڑی کا کل وزن کم از کم 10 ٹن ہے۔ اسے ایک کشادہ جنگی کیبن سمجھا جاتا ہے جہاں 12 سے 14 سپاہی بولڈ سیٹوں پر آرام سے بیٹھ سکتے ہیں۔گاڑی کے اندر سامنے والے کیبن میں ایک جدید ایئر کنڈیشنگ اور حرارتی نظام ہے۔ جب گاڑی پر مولوٹوف کاک ٹیل پھینکا جاتا ہے تو یہ شعلوں سے بالکل متاثر نہیں ہوتی۔ حفاظتی پلیٹوں کو مشین گن جیسے چھوٹے ہتھیاروں کے راونڈز کو جذب کرنے کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔ حفاظتی وجوہات کی بنا پر بکتر بند گاڑی کی رفتار تقریباً 55 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ رکھی ہے۔جب سے اسرائیل نے گزشتہ ہفتے شمالی غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائیوں میں توسیع کی ہے اسرائیلیوں میں حکومت اور وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر تنقید بڑھ گئی ہے۔ بہت سے سیاسی اور سکیورٹی ناقدین اور حماس کے پاس یرغمالی خاندانوں کے اہل خانہ نے کہا تھا کہ یہ زمینی دراندازی خطرات سے بھری ہوئی ہے اور اس کی قیمت اسرائیل کو بہت زیادہ ادا کرنا ہوگی۔
غزہ میں تاحال 18 ہزار ٹن بم گرائے گئے‘ہیروشیما پر گرائے گئے بم سے 1.5 گنا زیادہ
عزہ : اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر 18,000 ٹن بم گرائے ہیں جو دوسری جنگ عظیم میں جاپان کے ہیروشیما پر گرائے گئے بم کی دھماکہ خیز قوت سے 1.5 گنا زیادہ بتائی جاتی ہے۔ غزہ حکومت کے میڈیا آفس کے سربراہ، سلامہ معروف نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں 85 سرکاری عمارتوں کو بھی تباہ کیا ہے۔ غزہ میں، اسرائیل نے 47 مساجد کو مسمار کیا ہے اور تین گرجا گھروں کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔ حملوں کے نتیجے میں 2 لاکھ سے زیادہ عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 32,500 ناقابل رہائش ہیں۔ 203 اسکولوں کو بڑا نقصان پہنچا ہے اور 45 اسکولس اب مکمل طور پر غیر فعال ہیں۔ حملوں کی شدت کی وجہ سے اعداد و شمار ابھی تک مکمل نہیں ہیں۔جنیوا کنونشن کے تحت عبادت گاہوں اور اسکولوں اور دیگر شہری ڈھانچوں پر حملے ممنوع ہیں۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ عسکریت پسند ان عمارتوں میں یا اس کے آس پاس پناہ لے رہے ہیں۔
معروف نے مزید کہا کہ “اسرائیلی فوج نے 908 خاندانوں کا قتل عام کیا، جس سے ہزاروں افراد ہلاک ہوئے۔’’انہوں نے کہا کہ حملوں میں مجموعی طور پر 35 صحافی، 124 صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن، اور ہنگامی امدادی ٹیموں کے 18 شہری دفاع کے اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔