حماس نے ٹرمپ کی غزہ ڈیل قبول کر لی اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ

   

تل ابیب، 27 ستمبر (یو این آئی) فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ بندی کیلئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ ڈیل پر اتفاق کر لیا۔ اسرائیلی اخبار ہاریٹز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حماس نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تجویز کردہ غزہ ڈیل قبول کر لی جس کے تحت تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔ ہاریٹز کے مطابق اس تجویز میں زندہ اور مردہ اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی سے بتدریج اسرائیلی افواج کا انخلا بھی شامل ہے ۔ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے واضح کیا تھا کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دیں گے ۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اب بہت ہو چکا ہے یہ سلسلہ اب رکنا چاہیے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اس معاملے پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے بھی بات ہوئی ہے ۔ مسلم ممالک کے رہنماؤں سے غزہ پر بہت اچھے مذاکرات ہوئے ، یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ جلد ممکن ہے ۔ بعدازاں امریکی صدر کا ایک اور بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں لگتا ہے ہمارے پاس غزہ ڈیل ہے ۔ایک طرف امریکی صدر غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کیلئے معاہدہ جلد ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں تو دوسری طرف اسرائیلی میڈیا بھی حماس کی جانب سے امریکی صدر کے معاہدہ کو قبول کرنے کی بات کررہا ہے تاہم حقیقت ابھی پوری طرح واضح نہیں ہے۔