حماس کا آزاد فلسطینی شخصیات پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ

   

غزہ۔ 10 جنوری (یو این آئی) حماس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ مختلف شعبوں میں غزہ کی پٹی کے امور کی نگرانی کیلئے آزاد فلسطینی شخصیات پر مشتمل ایک کمیٹی کی تشکیل شروع کرنے کے انتظار میں ہے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم کا کہنا ہے کہ حماس اور فلسطینی دھڑوں نے پٹی کے انتظام کیلئے ایک آزاد کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ حماس اختیارات کی منتقلی کے عمل کو آسان بنانے اور کمیٹی کی جانب سے اپنے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنانے کیلئے کام کرے گی۔ حازم قاسم نے واضح کیا کہ ہم نے پہلے ہی اپنا موقف طے کر لیا تھا کہ وہ غزہ کی پٹی کے انتظام سے متعلق کسی بھی مستقبل کے انتظامی انتظامات میں حصہ نہیں لے گی۔ اسی تناظر میں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مصری دارالحکومت قاہرہ اگلے ہفتہ حماس کے ایک وفد کی میزبانی کرے گا تاکہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے اور پٹی کے انتظام کیلئے کمیٹی کے مجوزہ ناموں پر بات چیت ہوسکے ۔
گزشتہ برس مارچ میں فلسطینی دھڑوں نے قاہرہ میں منعقدہ اجلاسوں کے دوران ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت غزہ کی پٹی کے رہنے والے آزاد افراد پر مشتمل ایک عارضی انتظامی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ایک مخصوص مدت کے لیے خدماتی اور انتظامی امور کی نگرانی کرے گی۔ قاہرہ میں فلسطینی نائب صدر حسین الشیخ کی سربراہی میں ایک فلسطینی وفد کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کی صورتحال کے ساتھ ساتھ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔