حماس کو غزہ معاہدہ کیلئے اتوارشام 6 بجے تک ٹرمپ کی مہلت

   

واشنگٹن ،3 اکٹوبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فلسطین کی مزاحتمی تنظیم حماس کو غزہ معاہدے کیلئے اتوار شام 6 بجے تک کی مہلت دے دی ہے ، امریکی صدر نے حماس کو اتوار کی شام تک غزہ منصوبے پر معاہدہ کرنے کی مہلت دیتے ہوئے اسے ‘آخری موقع’ قرار دیا۔ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی سائٹ ‘ٹروتھ سوشل’ پر لکھا کہ اتوار کی شام واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک حماس کے ساتھ ایک معاہدہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ہر ملک اس پر دستخط کر چکا ہے ، اگر اس آخری موقع پر معاہدہ طے نہیں پاتا تو حماس کے خلاف ایسا قیامت خیز طوفان ٹوٹ پڑے گا جو اس سے قبل کسی نے نہیں دیکھا ہو گا۔ یکم اکتوبر کو ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ حماس کو 20 نکاتی دستاویز قبول کرنے کیلئے 3 سے 4 دن کا وقت دیں گے۔

ٹرمپ کی پالیسیز سے امریکہ سائنس میں عالمی برتری کھو سکتا ہے، نوبل حکام
اسٹاک ہوم: 3 اکٹوبر ( ایجنسیز ) نوبل انعام دینے والے سوئیڈش حکام نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے سائنس اور تحقیق کے شعبہ میں کٹوتیاں امریکہ کی عالمی سائنسی برتری کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اربوں ڈالر کی فنڈنگ ختم کی ہے، جامعات کی تعلیمی آزادی پر دباؤ ڈالا ہے اور ہزاروں سائنس دانوں کو نوکریوں سے نکالا گیا ہے۔ صرف رواں سال کے آغاز سے اب تک امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے 2,100 تحقیقاتی منصوبے ختم کر دیے ہیں جن کی مالیت تقریباً 9.5 ارب ڈالر ہے۔نوبل کمیٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکا طویل عرصے سے دنیا کا سب سے بڑا سائنسی مرکز رہا ہے، لیکن اس کٹوتی سے ایک پوری نئی نسل تحقیق کے شعبے سے دور ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ رجحان جاری رہا تو عالمی سطح پر بھی تحقیق پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اور سائنس دان یورپ یا چین جیسے ممالک کا رخ کر سکتے ہیں۔حکام نے متنبہ کیا کہ یہ صورتحال ”ناقابلِ تلافی نقصان” کا باعث بن سکتی ہے، کیونکہ امریکا دنیا بھر کی سائنسی تحقیق کا ”اہم انجن” رہا ہے۔