تل ابیب : اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کے خاتمہ کے لئے پانچ بنیادی اصولوں پر حکومت سے متفق ہیں جن میں سب سے اہم حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح کرنا ہے ۔ العربیہ کے مطابق نیتن یاہو نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ ان اصولوں میں غزہ اور اس کے ارد گرد اسرائیلی سیکورٹی کنٹرول کا نفاذ شامل ہے تاکہ مستقبل کے کسی بھی خطرے کو روکا جاسکے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان اصولوں میں تمام اسرائیلی یرغمالیوں ، چاہے وہ زندہ ہوں یا مردہ کی واپسی بھی شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے بعد غزہ کا انتظام ایک شہری حکومت کے ہاتھ میں ہوسکتا ہے لیکن وہ حماس یا فلسطینی اتھاریٹی سے وابستہ نہیں ہوگی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غیر مسلح کرنے کا مطلب ہے کہ پٹی کے اندر ہتھیاروں کی تیاری یا کسی بھی طرح سے ان کی اسمگلنگ کو روکا جائے ۔ یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ فوج غزہ پر کنٹرول کے منصوبے سے متعلق کابینہ کے فیصلے پر عمل درآمد کیلئے اپنی تمام افواج کو متحرک کررہی ہے اور بڑی طاقت کے ساتھ تیاری کررہی ہے ۔ اخبار کے مطابق یہ وضاحت یسرائیل کاٹز کے چیف آف اسٹاف ایال زامیر اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ منصوبے کے اصولوں پر تبادلہ خیال کے دوران سامنے آئی ہے ۔