تمام 20 اسرائیلی یرغمال واپس آچکے ہیں اور اب حالات بہتر لیکن کام ابھی مکمل نہیں ہوا
واشنگٹن، 15 اکتوبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس ہتھیار ڈال دے ، ورنہ ہم اسے غیر مسلح کریں گے ، غزہ سے تمام 20 اسرائیلی یرغمالی واپس آچکے ہیں، اب امن معاہدے کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے ، تاہم وعدے کے برخلاف مہکوک اسرائیلوں کی نعشیںواپس نہیں کی گئیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ تمام 20 یرغمالی واپس آ چکے ہیں، اور وہ حالات کو بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایک بڑا بوجھ ہٹ گیا ہے ، لیکن کام ابھی مکمل نہیں ہوا کیونکہ وعدے کے برعکس ہلاک اسرائیلیوں کی نعشیںواپس نہیں کی گئیں۔ دریں اثنا، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حماس کو خبردار کیا کہ اسے اپنے ہتھیار ڈالنے ہوں گے ، ورنہ ‘ہم انہیں غیر مسلح کر دیں گے ،’ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب اسرائیل اور غزہ کے مستقبل کے حوالے سے بڑے سوالات اب بھی موجود ہیں۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے صدر جویئر میلی کے ساتھ ملاقات کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں گے ، اور اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا، تو ہم انہیں غیر مسلح کر دیں گے ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ یہ کیسے کریں گے ، تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ ‘مجھے یہ آپ کو سمجھانے کی ضرورت نہیں، لیکن اگر وہ غیر مسلح نہیں ہوئے ، تو ہم انہیں غیر مسلح کر دیں گے ، انہیں پتہ ہے کہ میں مذاق نہیں کر رہا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ عمل تیزی سے اور شاید طاقت کے استعمال کے ذریعہ ہو سکتا ہے ۔ جب ان سے غیر مسلح کرنے کے لیے وقت کے بارے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ یہ ایک مناسب عرصے میں یہ بہت جلد ہو گا، مگر کوئی مخصوص مدت نہیں بتائی۔ واضح رہے کہ 13 اکتوبر کو فلسطینی مزاحمتی گروپ ‘حماس’ نے جنگ بندی کے معاہدہ کے بعد غزہ میں موجود تمام 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو 2 مرحلوں میں بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے حوالے کر دیا تھا، اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے اور قیدیوں کی 38 بسیں اسرائیل سے غزہ پہنچ گئی تھیں۔ گزشتہ روز مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ غزہ امن سربراہی کانفرنس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ امن معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اور مصر، قطر اور ترکیہ کے سربراہان نے دستخط کر دیے تھے ۔
ٹرمپ کا چین کے ساتھ تجارتی
معاملات ختم کرنے پر غور
واشنگٹن، 15 اکتوبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین سے تجارتی معاملات ختم کرنے پر غور شروع کردیا۔ سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ چین کی جانب سے امریکی سویا بین کی خریداری بند کرنے کے بعد چین سے تجارتی معاملات ختم کرنے پر غور شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے دانستہ طورپر امریکی سویابین خریدنا بندکیا، یہ معیشت دشمنی ہے ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کے رویے کی وجہ سے کسانوں کو مشکلات کاسامنا ہے ، چین کے ساتھ کوکنگ آئل سمیت دیگر تجارتی معاملات ختم کرنے پر غورکررہے ہیں ۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہم آسانی سے اپناکوکنگ آئل خود تیارکرسکتے ہیں، چین سے خریدنے کی ضرورت نہیں ہے ۔