حمایت ساگر سے پھر ایک مرتبہ پانی کا اخراج

,

   

سطح آب میں اضافہ پر 2 دروازے کھولے گئے
حیدرآباد: حمایت ساگر سے پانی کے اخراج کیلئے آج اندرون 10 یوم تیسری مرتبہ دروازوں کو کھولا گیا۔ سطح آب میں مسلسل اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکام نے آج دن میں دو دروازو ں کو کھولنے کا فیصلہ کیا اور اس سے قبل ان تمام نشیبی علاقوں میں اعلانات کروائے گئے جن علاقو ںمیں پانی داخل ہونے کے خدشات تھے۔ جاریہ برسات کے دوران پہلی مرتبہ 17دروازوں میں 14 دروازوں کو کھولا گیا تھا اور اس کے بعد بھی مسلسل پانی جمع ہونے کا جائزہ لینے کے بعد 5 دروازوں کو اندرون ایک ہفتہ کھولنے کے اقدامات کئے گئے لیکن آج پانی کے بہاؤ اور جمع ہونے کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے 2 دروازوں کو کھولا گیا۔ محکمہ آبرسانی کی جانب سے گذشتہ یوم عثمان ساگر (گنڈی پیٹ) سے بھی پانی کے اخراج کے سلسلہ میں اعلان کیا گیا تھا اور کہا جا رہاہے کہ کسی بھی وقت گنڈی پیٹ کے دروازوں کو کھولتے ہوئے موسیٰ ندی میں پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جائیں گے جس کے پیش نظرنشیبی علاقوں میں رہنے والوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ محفوظ مقامات کو منتقل ہوجائیں ۔