حمایت ساگر قومی شاہراہ پر دو لاریوں کے درمیان تصادم

   

لاری ڈرائیور اور ایک شخص شدید زخمی ، نارسنگی پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد: سائبر آباد میں حمایت ساگر قومی شاہراہ پر ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک موٹر سیکل سوار کو بچانے کی کوشش کے دوران دو لاریوں کا تصادم ہوگیا ۔ اس حادثہ کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی جو اس خوفناک منظر کو بیان کرتی ہے۔ پولیس کے بموجب حمایت ساگر قومی شاہراہ کے یو ٹرن کے پاس اچانک ایک موٹر سیکل سوار آ پہنچا اور اسی سمت سے آنے والی تیز رفتار لاری نے اس موٹر سیکل سوار کو بچانے کی کوشش کے دوران مخالف سمت سے آنے والی لاری کو ٹکر دے دی ۔ دونوں لاریوں کے درمیان خوفناک تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں لاری ڈرائیور اور شخص شدید زخمی ہوگیا اور ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اس حادثہ کے بعد موٹر سیکل سوار وہاں سے فرار ہوگیا اور سائبر آباد پولیس نے اس موٹر سیکل سوار کی تلاش شروع کردی ہے کیونکہ اس کی غلطی سے ہی یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ پولیس نارسنگی نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔