عہدیداروں کے ساتھ پانی کے اخراج کے بشمول مختلف امور کا جائزہ
حیدرآباد۔23جولائی (سیاست نیوز) حمایت ساگر اور عثمان ساگر سے اچانک پانی کے اخراج کو روکنے اور منصوبہ بند انداز میں پانی کے اخراج کو یقینی بنانے پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے آج حمایت ساگر و عثمان ساگر کا متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ مسٹر دانا کشور منیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس و دیگر عہدیدار موجودتھے۔مسٹر اروند کمار نے ان ذخائر آب سے پانی کے اخراج کا معائنہ کرتے ہوئے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے بعد دونوں ذخائر آب میں جمع پانی اور خارج ہونے والے پانی کی مقدار کا جائزہ لینے کے بعد اخراج کو بہتر بنانے اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ کے ذریعہ بتایا کہ ان ذخائر آب سے اچانک پانی کے اخراج کے مستقبل میں فیصلہ نہ کرنا پڑے اسی لئے ان میں جمع پانی کے اور ذخائر آب کی سطح آب مکمل ہونے کا جائزہ لیتے ہوئے منصوبہ تیار کیا جانا ضروری ہے۔ اروند کمار نے اپنے دورہ کے بعد تفصیلات سے آگہی حاصل کی اور محکمہ آبرسانی کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ دونوں ذخائر آب کی مکمل سطح آب پانی کی آمد اور اخراج کے متعلق انہیں رپورٹ پیش کریں ۔گذشتہ دو یوم سے حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے دروازوں کو کھولتے ہوئے موسیٰ ندی میں پانی خارج کیا جا رہا ہے اور سیاحوں کی بڑی تعداد مشاہدہ کے لئے پہنچ رہی ہے۔