حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) شہر کے علاقہ کاٹے دھن میلاردیو پلی میں چار دن قبل سڑکوں پر خوفزدہ کرنے والے بور بچہ کی نقل و حرکت اب حمایت ساگر میں دیکھی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ بوربچہ کی پھر ایک مرتبہ نقل و حرکت کے بعد محکمہ جنگلات اور پولیس اہلکار چوکس ہوگئے اور اسے پکڑنے کیلئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ اس اطلاع کے بعد حمایت ساگر کے اطراف و اکناف مقیم افراد میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی عوام نے بوربچہ کو حمایت ساگر کے کنارے پر پانی پیتا ہوا دیکھ کر پولیس کو آگاہ جس پر اسے پکڑنے کیلئے کوششوں کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر کے اشوک چکرورتی نے کہا کہ مقامی عوام کی جانب سے انہیں اطلاع موصول ہوئی کہ بور بچہ کو پھر ایک مرتبہ حمایت ساگر علاقہ میں دیکھا گیا ہے اور پولیس نے عوام کو چوکس رہنے کی ہدیت دی ہے۔ 14 مئی کو کاٹے دھن قومی شاہراہ 7 پر بور بچہ کو دیکھا گیا تھا اور عوام کے ہجوم کے بعدوہ قریب کے فارم ہاوز میں گھس گیا تھا۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے اسے پکڑنے کیلئے پنجرے لگائے تھے اور سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کی مدد سے اس کی تلاش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ ناکام رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیتا کو پکڑنے کیلئے پولیس اب ہندوستان کے مشہور و معروف شوٹر نواب شفاعت علی خاں کی خدمات حاصل کرنے پر غور کررہی ہے۔