سطح آب پر مسلسل نظر رکھنے عہدیداروں کو ہدایت ۔ آئندہ پانچ یوم بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر حکام کی چوکسی
حیدرآباد۔21جولائی (سیاست نیوز) محکمہ آبرسانی نے حمایت ساگر میں پانی خطرہ کے نشان کے قریب پہنچنے پر 2دروازوں کو دو فیٹ کی اونچائی تک کھولتے ہوئے پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا ۔ حمایت ساگر کے دروازوں کو کھولنے کے منصوبہ کے ساتھ ہی موسیٰ ندی سے جڑے ہوئے علاقوں میں عوام کیلئے انتباہ جاری کرکے محکمہ مال کے عہدیداروں نے پولیس کی مدد سے انہیں دیگر مقامات کو منتقل کرنے اقدامات کئے اور شام 5 بجے حمایت ساگر سے 700کیوزک پانی کے اخراج کا آغاز کیا گیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت نے آبرسانی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حمایت ساگر اور عثمان ساگر میں اطراف کے علاقوں سے جمع پانی پر نظررکھیں اور اگر پانی خطرہ کے نشان تک پہنچتا ہے تو پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جائیں۔ حمایت ساگر و عثمان ساگر میں پانی کے جمع ہونے کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ 700کیوزک پانی کے اخراج کے بعد جمع ہونے والے پانی کی رفتار کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا کہ ان ذخائر آب میں پانی کے اخراج کا سلسلہ کب تک جاری رکھا جائے۔محکمہ آبرسانی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ حمایت ساگر میں 1200 کیوزک پانی جمع آچکا ہے جو کہ خطرہ کے نشان سے اوپر پہنچنے والا ہے اسی لئے 700کیوزک پانی کے اخراج کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ دونوں ذخائر آب عثمان ساگر و حمایت ساگر میں پانی تیزی سے جمع ہونے لگا ہے اور آئندہ 5یوم میں بھی بارش کی پیش قیاسی کو دیکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ رنگاریڈی نے عہدیداروں کو چوکس رہنے اور دونوں ذخائر آب کی صورتحال پر گہری نظررکھنے کی تاکید کی ہے۔م