حمایت ساگر کے مزید2 دروازے بند ‘ صرف ایک سے پانی کا اخراج

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ حیدرآباد میٹروپولیٹن واٹر سپلائی و سیوریج بورڈ نے آج پیر کو حمایت ساگر کے مزید دو دروازے بند کردئے ۔ فی الحال ذخیرہ آب کے 17دروازوں میں صرف ایک کھلا رکھا گیا ہے ۔ اس ذخیرہ آب میں پانی کی سطح میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے 20 جولائی کو پانچ دروازے کھول کر موسی ندی میں پانی چھوڑا گیا تھا ۔ واٹر سپلائی بورڈ نے ایک اعلامیہ میں بتایا کہ چونکہ حمایت ساگر میں پانی کے بہاو میں کمی آگئی ہے اس لئے اس ذخیرہ آب کے مزید دو دروازوں کو بند کردیا گیا ہے ۔ دو دروازے کل اتوار کو ہی بند کردئے گئے تھے ۔ اب صرف ایک دروازہ کھلا رکھا گیا ہے ۔ پیر کو حمایت ساگر کی سطح آب 1761.75 فیٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ یہاں مکمل سطح آب 1763.50 فیٹ ہے ۔ اس ذخیرہ آب میں جملہ آبی گنجائش 2.97 ٹی ایم سی ہے اور فی الحال یہاں 2.56 ٹی ایم سی پانی موجود ہے ۔ اس ذخیرہ آب میں 400 کیوسکس پانی کا بہاو آر ہا ہے اور 343 کیوسکس پانی کا اخراج کیا جا رہا ہے ۔ اس دوران عثمان ساگر ( گنڈی پیٹ ) میں آج سطح آب 1,786 فیٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ مکمل سطح آب 1790 فیٹ ہے ۔ یہاں جملہ 3.90 ٹی ایم سی پانی کی گنجائش ہے اور فی الحال 3.008 ٹی ایم سی پانی موجود ہے ۔ عثمان ساگر کے وہ تمام دروازے جو 22 جولائی کو کھولے گئے تھے اب بند کردئے گئے ہیں۔