حمایت ساگر کے 2 دروازے کھول دیئے گئے

   

فاضل پانی کا موسیٰ ندی میں اخراج، کناروں پر رہنے والوں کو چوکسی کی ہدایت

حیدرآباد۔31اگسٹ(سیاست نیوز) حمایت ساگر میں پانی کی سطح مکمل ہونے کے قریب پہنچنے پر آج محکمہ آبرسانی کے حکام کی جانب سے حمایت ساگر کے دو دروازوں کو کھولتے ہوئے فاضل پانی کے موسیٰ ندی میں اخراج کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ گذشتہ دو یوم سے دونوں شہروں اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں مسلسل بارش اور حمایت ساگر کی سطح آب میں ہونے والے اضافہ کے سبب محکمہ آبرسانی نے حمایت ساگر کے دو دروازوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ حمایت ساگر کی مکمل سطح آب 1763.50 ہے اور صبح کی اولین ساعتوں میں حمایت ساگر میں سطح آب 1763.15 ریکارڈ کئے جانے کے بعد دو دروازوں کو کھولنے کے اقداما ت کئے گئے ۔ محکمہ آبرسانی کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ حمایت ساگر کی سطح آب مکمل ہونے کی اطلاع کے ساتھ ہی موسیٰ ندی کی گذرگاہوں پر رہنے والے شہریوں کے لئے الرٹ جاری کردیا گیاتاکہ حمایت ساگر سے ندی میں پانی چھوڑے جانے کے سبب کوئی حادثہ رونما نہ ہو۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاع کے بعد محکمہ آبرسانی نے فیصلہ کیا ہے کہ حمایت ساگر میں پانی کے بہاو اور اخراج پر خصوصی نظر رکھی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر مزید دروازوں کو کھولنے کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے سبب ریاست کے بیشتر اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔M