حمایت ساگر کے 4 اور عثمان ساگر کے 2 دروازے کھولے گئے

,

   

مسلسل بارش سے سطح آب میں اضافہ کے بعد فیصلہ ، شہر اور اضلاع میں بارش جاری ، نشیبی علاقوں میں پانی داخل

حیدرآباد۔26جولائی (سیاست نیوز) شہر کے دو بڑے آبی ذخائرحمایت ساگرا ور عثمان ساگر کی سطح آب میں اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے بعد حکام نے حمایت ساگر کے 4 اور عثمان ساگر کے 2 دروازوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دونوں ذخائر آب میں پانی جمع ہونے کی رفتار مزید تیز ہوچکی ہے۔ حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے دروازے کھولنے کے بعد موسی ندی کے کنارے آباد بستیوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے ندی کے قریب رہنے والوں کو دیگر مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں ۔ حمایت ساگر کے جملہ 17 دروازوں میں 4دروازوں سے پانی کے اخراج کے اقدامات کئے گئے ہیں، حمایت ساگر کی مکمل سطح آب کے سلسلہ میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ حمایت ساگر کی مکمل سطح 1763.50 ہے اور آج جو سطح ریکارڈ کی گئی ہے وہ 1761.75 فیٹ ہے ۔ حمایت ساگر میں 2500کیوزک پانی جمع ہورہا ہے جبکہ 2750کیوزک کے اخراج کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حمایت ساگر کے علاوہ آج عثمان ساگر (گنڈی پیٹ) کے 2 دروازوں کو 1فیٹ تک کے لئے کھولا گیا تاکہ 216کیوزک پانی کے اخراج کے اقدامات کئے جائیں۔ عثمان ساگر کی مکمل سطح آب 1790فیٹ ہے جبکہ موجودہ سطح آب 1787.15 فیٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ عثمان ساگر میں 1200 کیوزک پانی جمع ہورہا ہے۔ دونو ں ذخائر آب سے موسیٰ ندی میں پانی کے اخراج کے ساتھ ڈیزاسٹر ریلیف فورس نے لنگر حوض‘ ضیاء گوڑہ ‘ پرانا پل ‘ کلثوم پورہ‘ کے علاوہ دیگر علاقوں میں ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا ہے۔ دونوں ذخائر آب سے پانی کے اخراج کے ساتھ ہی کئی نشیبی علاقوں اور موسیٰ ندی کے قریب کی بستیوں کے مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات وصول ہونا شروع ہوگئیں جس کے ساتھ ہی عہدیداروں نے موسیٰ نگر‘ چادرگھاٹ‘ کشن باغ ‘ لنگر حوض اور کاروان کے علاقوں میں مکینوں کو الرٹ جاری کرتے ہوئے پانی کے اخراج میں تیزی پیدا ہونے کے خدشات سے واقف کروایا ۔ اسی دوران حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیدار حسین ساگر میں جمع ہونے والے پانی کے اخراج کے اقدامات میں مصروف دیکھے گئے اور اشوک نگر و دیگر نشیبی علاقوں میں عوام کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے حسین ساگر سے بھی پانی کے اخراج کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ حسین ساگر کی مکمل سطح آب 513.41میٹر ہے جبکہ تالاب میں جمع پانی اب 524.75تک پہنچ چکا ہے۔م
شہر میں آج شدید بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔ 26 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی نے حیدرآباد کے لئے انتباہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جمعرات کو شہر میں شدید بارش ہوگی اور یہ بارش 115.60 ملی میٹر تا 204.40 ملی میٹر کے درمیان ہوسکتی ہے جبکہ بارش کا سلسلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہے گا۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے مسلسل بارش کے نتیجہ میں ذخائر آب لبریز ہوچکے ہیں۔ اُپل کی نالا چیرو جھیل سے پانی کے بہاؤ کے باعث ٹریفک کے مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔
حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی حلقہ کتہ گوڑم وی وینکٹیشور راؤنے اسمبلی کی رکنیت کالعدم قرار دینے سے متعلق فیصلہ پر حکم التواء جاری کرنے کیلئے ہائی کورٹ میں لنچ موشن پٹیشن داخل کی۔ رکن اسمبلی نے ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کیلئے وقت دیئے جانے کی درخواست کی۔ ہائی کورٹ نے درخواست پر ہنگامی سماعت کرتے ہوئے اپنا فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ رکن اسمبلی وی وینکٹیشورراؤ کی رکنیت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے کل فیصلہ صادر کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کو حلف نامہ میں غلط معلومات کی فراہمی کی شکایت پر عدالت نے اسمبلی کی رکنیت کالعدم کرنے کے علاوہ 5 لاکھ روپئے جرمانہ عائد کیا۔ عدالت نے شکست خوردہ امیدوار جلگم وینکٹ راؤ کو رکن اسمبلی منتخب قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ جلگم وینکٹ راؤ 12 ڈسمبر 2018 سے کتہ گوڑم کے رکن اسمبلی قرار پائیں گے۔ وی وینکٹیشور راؤ نے 2018 میں کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت