حمزہ بن لادن امریکہ کیلئے خطرہ تھا : ٹرمپ

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے متوفی سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی ہلاکت کی خبریں جب کل عام ہوئی تھیں تو اس وقت امریکی صدر ٹرمپ نے کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا بلکہ یہ تک کہہ دیا تھا کہ انہیں اس کا علم نہیں لیکن آج انہوں نے لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ امریکہ کیلئے بڑا خطرہ تھا۔ وائیٹ ہاؤس میں مدعو اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حمزہ کی ہلاکت پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے البتہ اتنا ضرور کہنا چاہتے ہیں کہ وہ امریکہ کیلئے بہت بڑا خطرہ تھا۔ اخباری نمائندوں نے ٹرمپ سے سوال کیا تھا کہ آیا حمزہ کی ہلاکت میں امریکہ کا رول ہے جس کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے مندرجہ بالا بات کہی۔ یاد رہیکہ چہارشنبہ کو امریکی میڈیا نے بعض نامعلوم عہدیداران کے حوالے سے کہا تھا کہ حمزہ بن لادن ٹرمپ حکومت کے پہلے دو سالوں کے درمیان ہی ہلاکت کردیا گیا تھا جبکہ امریکہ کی جانب سے ہلاکت کی کوئی توثیق نہیں کی گئی تھی۔ اگر حمزہ کی موت واقعتاً ہوئی ہے تو یہ القاعدہ کیلئے بہت بڑا دھکہ ہوگا کیونکہ دولت اسلامیہ (داعش) کے عروج سے القاعدہ کی یوں بھی قدر و منزلت گھٹ گئی ہے بلکہ یہ کہنا مناسب ہوگا کہ القاعدہ کی ہوا نکل گئی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز وہ پہلا اخبار ہے جس نے حمزہ بن لادن کی ہلاکت کی رپورٹ شائع کی تھی۔