دمشق، 26 دسمبر (یو این آئی) شام کے شہر حمس میں نماز جمعہ کے دوران ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 سے زیادہ زخمی ہوگئے ۔ دمشق سے عرب میڈیا کے مطابق دھماکے کا ہدف حمس شہر کے وادی الدہب میں واقع امام علی ابن ابی طالب مسجد تھا۔ شامی سرکاری نیوز ایجنسی ثنا کے مطابق دھماکہ نماز جمعہ کے فوری بعد ہوا۔ عرب ٹی وی کے مطابق اس موقع پر لوگ خوفزدہ ہوکر مسجد کے مرکزی عبادت کی جگہ سے بھاگتے نظر آئے ۔ دھماکے کے بعد دیواروں میں بڑے بڑے سوراخ ہوگئے تھے ۔ مقامی لوگوں نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ دھماکا ممکنہ طور پر خود کش بمبار نے کیا یا پھر دھماکہ خیز مواد وہاں رکھا گیا تھا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے تاہم کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
