حمڈا کی جانب سے کوکاپیٹ میں اراضیات کی فروخت

   

حکومت کو 1356 کروڑ کی آمدنی، رئیل اسٹیٹ کے فروغ کا امکان

حیدرآباد 25 نومبر (سیاست نیوز) ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے کوکاپیٹ میں نیو پولس لے آؤٹ کے تحت اراضی کی فروخت سے غیر معمولی آمدنی حاصل ہوئی ہے اور علاقہ میں رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو فروغ حاصل ہونے کا امکان ہے۔ ایچ ایم ڈی اے نے علاقہ میں بڑھتی تعمیراتی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ای آکشن کے ذریعہ اراضی کو فروخت کیا۔ ای آکشن کے پہلے مرحلہ میں تلنگانہ حکومت کو محض 2 پلاٹس کی فروخت سے 1356 کروڑ کی آمدنی ہوئی۔ یہ پلاٹس 5.31 ایکر اور 4.59 ایکر پر مشتمل ہیں۔ پلاٹ نمبر 18 کے تحت سروے نمبر 239 اور 240 میں 5.31 ایکر اراضی ہے جو فی ایکر 137.25 کروڑ کے حساب سے فروخت کی گئی۔ پلاٹ نمبر 17 جو 4.59 ایکر پر محیط ہے کو فی ایکر 136.5 کروڑ کے حساب سے فروخت کیا گیا۔ ایچ ایم ڈی اے نے فی ایکر 99 کروڑ سے بولی کا آغاز کیا تھا۔ کوکا پیٹ کے علاقہ میں یہ اب تک کی سب سے مہنگی اراضی فروخت ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ کے نتیجہ میں کمپنیوں کی جانب سے بولی میں مسلسل اضافہ کیا گیا۔ ایچ ایم ڈی اے مختلف مراحل میں 27 ایکر اراضی کو ای آکشن کے ذریعہ فروخت کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 28 نومبر کو مزید 2 پلاٹس کا آکشن ہوگا جو علی الترتیب 4.03 ایکر اور 5.03 ایکر پر محیط ہیں۔ ایچ ایم ڈی اے نے 3 ڈسمبر کو مزید 2 پلاٹس کے آکشن کا فیصلہ کیا ہے جو 4 ایکر اور 4.04 ایکر پر مشتمل ہیں۔ کوکاپیٹ میں گولڈن مائل لے آؤٹ کے تحت 1.98 ایکر اراضی کا 5 ڈسمبر کو صبح 11 بجے تا دوپہر 2 بجے آکشن ہوگا۔ اُسی دن شام میں کوکٹ پلی میں واقع موسیٰ پیٹ کی 14.66 ایکر اراضی کو فروخت کیا جائے گا۔ نیو پولس کی اراضی کے لئے 99 کروڑ فی ایکر، موسیٰ پیٹ کے لئے 75 کروڑ فی ایکر اور گولڈن مائل اراضی کے لئے 70 کروڑ فی ایکر کی بولی مقرر کی گئی ہے۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کو گزشتہ ماہ حیدرآباد نالج سٹی رائے درگ میں فی ایکر 177 کروڑ کی فروخت سے 1357.59 کروڑ کی آمدنی ہوئی تھی۔ اگست 2023ء میں نیو پولس میں 3.6 ایکر اراضی 100.75 کروڑ فی ایکر کے حساب سے فروخت کی گئی تھی۔ ایچ ایم ڈی اے نے شہر کے اطراف تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کرنے کے لئے اراضیات کی فروخت کا آغاز کیا ہے۔1