لندن ۔ انگلش ٹیم کے ہیڈ کوچ کریس سلور ووڈ نے اپنی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کو سخت پیغام دیا ہے اور اشارہ دیا ہے کہ حسیب حمید بحیثیت اوپنر ٹیم میں واپسی کریں گے جبکہ آل راؤنڈر معین علی کو پہلے ہی ٹیم میں طلب کرلیا گیا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 12 اگست کو لارڈس ٹسٹ کا آغاز ہو رہا ہے۔ انگلش ٹیم کے ٹاپ آرڈرس میں روری برنس، زیک کرولی اور ڈوم سبلی پہلے ٹسٹ کی دونوں اننگز میں 30 رنز کا نشانہ بھی عبور ن ہیں کر پائے ہیں۔ انگلش میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے سلور ووڈ نے کہا ہے کہ جیوروٹ گزشتہ 6 ماہ سے انتہائی غیر معمولی مظاہرے کررہے ہیں لیکن دوسرے بیٹسمینوں کو ان کا بہتر ساتھ دینے کی ضرورت ہے اور خاص کر ٹاپ آرڈر کو مظاہرہ کرنا ہوگا۔ روٹ نے رواں برس 4 ٹسٹ سنچریاں اسکور کی ہیں اور ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں بھی انہوں نے 109 رنز اسکور کئے۔ حمید کی واپسی ان کے شاندار فام کی وجہ سے دکھائی دے رہی ہے۔