حیدرآباد ۔10مارچ ( سیاست نیوز) خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار عمر رسیدہ شخص محمد حنیف 84 سال کی عمر میں بھی ضرورت مند لوگوں کے کام آتے ہیں ۔ وہ ایک آٹو رکشا ڈرائیور ہیں لیکن ان کا آٹو ایمبولنس کا کام بھی کرتا ہے ۔ 2017ء سے جب انہوں نے یہ سرویس شروع کی ۔ حنیف چاچا نے ہزاروں لوگوں کو مفت میں خاگی اور سرکاری دواخانوں کو پہنچایا ۔ ان میں ایک رام سنگھ ہے ، گچی باؤلی میں ایک ٹی اسٹال چلانے والے سنگھ کو گذشتہ سال ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہوا کیونکہ ان کے چار ماہ کے بیٹے اکھلیش کمار جسے آئی سی یو سے ڈسچارج کیا گیا تھا اس کے چند دن میں پھر اس میں پیچیدگیاں پیدا ہوگئیں اور اسے فوری دواخانہ سے رجوع کرنے کی ضرورت تھی جس پر رام سنگھ نے ایمبولنس طلب کرنے کے بجائے جس میں اس نے سوچا کہ وقت درکار ہوگا حنیف کے نمبر کو ڈائیل کیا جنہوں نے 20منٹ کے اندر ان کے آٹو رکشا کے ساتھ وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے رام سنگھ اور اس کے بیٹے کو نیلوفر ہاسپٹل لکڑی کا پل لے گئے ۔ رام سنگھ نے کہا کہ ’’ اب میرا بیٹا اچھا ہے ۔ سرکاری دواخانہ میں اس کا اچھا علاج کیا گیا ۔ دواخانہ سے بڑھ کر میں حنیف بھائی کا شکر گذار ہوں ۔ میں نے ان کا نمبر میرے بھائی سے حاصل کیا تھا اور حنیف بھائی نے اس دن ایک پیسہ چارج نہیں کیا ۔ زہرا نگر ، بنجارہ ہلز کے ساکن محمد حنیف گذشتہ پانچ دہوں سے آٹو چلا رہے ہیں ۔ ان کے چھ بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں ان کا کہنا ہے کہ ان کے بچے اچھے کام کررہے ہیں اور ان کا فرض پورا ہوگیا ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ سماج کیلئے کچھ کیا جائے تاکہ خدا اگر ان کے اعمال کے بارے میں سوال کرے تو وہ جواب دینے کیلئے تیار رہیں گے ۔ یہ ایک دوسرا سبب ہے جس کے لئے آٹو چاچا ، یہ کام کرتے ہیں ۔ 2007ء میں انہوں نے سیکل پر حج کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ گئے تھے ۔ ان کی خواہش ہے کہ اس سال پھر حج کیلئے جائیں اور ان کا ایقان ہے کہ ان کے اچھے کام اس میں معاون ہوں گے اور سفر کو آسان بنائیں گے ۔ انہوں نے صاف طور پر کہا کہ ’’ جب تک سانس ہے ‘‘ عوام کی خدمت کریں گے ‘‘ ۔