چار افراد گرفتار ، ڈی سی پی ٹاسک فورس رادھا کشن راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ /12 جون (سیاست نیوز) شہر میں ایک اور حوالہ کے ریاکٹ کو ٹاسک فورس پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ایک کروڑ نقد رقم ضبط کرلی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس ای رادھا کشن راؤ نے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 28 سالہ جیتندر ناتھ متوطن راجستھان ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں سریش شرما ، جی لکشمی نارائینا ، بی بالا کرشنا کی مدد سے حوالہ کے کاروبار چلارہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جیتندر ناتھ عرف جیتو کاروبار کے سلسلے میں راجستھان سے حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور ڈرائی فروٹس کا کاروبار کرنے لگا ۔ جیتندر کا بڑا بھائی حوالہ کا کاروباری ہے اور اس کی مدد سے جیتندر نے بھی شہر حیدرآباد میں حوالہ کا کاروبار شروع کیا اور پوائنٹس 0.8 فیصد شرح کمیشن پر کام کررہا تھا ۔ حوالہ کے کاروبار کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے آر ٹی او آفس خیریت آباد ، سوماجی گوڑہ کے قریب ایک کار کو روک لیا اور اس کی تلاشی کے دوران مذکورہ 4 افراد بشمول جیتندر ناتھ کو حراست میں لے لیا گیا اور اس کے قبضے سے 1 کروڑ 1 لاکھ نقد رقم برآمد کرلی گئی ۔ تفتیش کے دوران جیتندر نے بتایا کہ وہ ضبط شدہ حوالہ کی رقم سی آر اسوسی ایٹس کے منیجنگ ڈائرکٹر چرن تیج کی ایماء پر اس کمپنی کے اکاؤنٹنٹ کو فراہم کررہا تھا ۔ گرفتار ملزمین کو پولیس نے محکمہ انکم ٹیکس کے حوالہ کردیا ۔