حوثیوں نے اسرائیلی ہوائی اڈے پر میزائل داغے

   

صنعا؍ یروشلم۔ 10 مئی (آئی این ایس) یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسرائیلی شہر تل ابیب کے قریب بین گوریون ہوائی اڈے پر میزائل داغا ہے ۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے یمن سے داغے گئے ایک میزائل کو تبادہ کر دیا ہے ۔ اس میزائل کی وجہ سے تل ابیب میٹروپولیٹن علاقہ سمیت پورے وسطی اسرائیل میں فضائی حملے کے سائرن بجنے لگے جس سے رہائشیوں کو پناہ کی تلاش کرنی پڑی۔ اسرائیل کی نیشنل ایمرجنسی سروس نے کہا کہ ایک 55 سالہ خاتون ہائی وے انٹرچینج کے قریب ایک پناہ گاہ کی جانب جاتے ہوئے گرنے سے معمولی طور پر زخمی ہوگئی۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز نے کہا کہ الرٹ سسٹم کو معیاری پروٹوکول کے مطابق فعال کیا گیا تھا اور میزائل کو کامیابی کے ساتھ ناکارہ بنا دیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 18 مارچ کو غزہ میں حماس پر دوبارہ حملے شروع کرنے کے بعد سے حوثی گروپ نے اسرائیل پر تقریباً 28 بیلسٹک میزائل اور متعدد ڈرون داغے ہیں۔