صنعا : یمن میں حوثی ملیشیا نے پیر کی شب جاری ایک بیان میں بحیرہ احمر میں ’’بلیو لیگون 1‘‘ بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ادھر امریکی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حوثیوں نے بحیرہ احمر میں خام تیل کے دو بحری آئل ٹینکروں پر حملے کیے ہیں۔ حوثیوں کے ترجمان یحیی سریع کے مطابق ملیشیا نے بحیرہ احمر میں(BLUE LAGOON) بحری جہاز کو میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے براہ راست نشانہ بنایا۔دوسری جانب امریکی فوج کے اعلان کے مطابق حوثی ملیشیا نے پیر کے روز بحیرہ احمر میں خام تیل کے دو آئل ٹینکروں پر دو بیلسٹک میزائلوں اور ایک ڈرون طیارے کے ذریعے حملہ کیا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے 24 گھنٹوں کے دوران میں یمن میں حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں میزائلوں کے دو نظام تباہ کر دیے۔اس سے قبل پیر کے روز برطانوی فوج کے زیر انتظام یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا تھا کہ ایک بحری جہاز کو دو میزائلوں نے متاثر کیا تھا جب کہ جہاز کے نزدیک ایک تیسرا دھماکا بھی ہوا۔ جہاز کو ہونے والے نقصان کو پورا کیا جا رہا ہے۔ حملے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ یہ جہاز قریب ترین بندرگاہ کی جانب گامزن ہے۔