تل ابیب : اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے خبردار کیا ہے کہ اگر یمن کے حوثی اسرائیل پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں تو اْن پر سخت حملے کیے جائیں گے۔ جمعرات کو ’’ایکس‘‘ پر جاری بیان میں اُنھوں نے کہا کہ اسرائیل نے حوثیوں کے ساتھ جو کچھ کیا، وہی ایران کے ساتھ بھی کرے گا۔یہ اشارہ حالیہ فضائی حملوں کی طرف تھا جو دو روز قبل اسرائیل نے یمن میں حوثی اہداف پر کیے تھے۔کاتز نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنی طاقت کے بل پر ہر دشمن اور ہر خطرے سے اپنا دفاع کر سکتا ہے۔ یسرائیل کاتز کے مطابق ہم نے بیروت میں حزب اللہ، غزہ میں حماس، دمشق میں بشار الاسد اور یمن میں حوثیوں کے ساتھ جو کیا، وہی ہم تہران میں تمہارے ساتھ بھی کریں گے۔ دوسری جانب، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی بدھ کے روز کہا کہ اسرائیل اپنی حفاظت خود کر سکتا ہے۔ یہ بظاہر امریکہ اور حوثیوں کے درمیان سلطنت عمان کی وساطت سے ہونے والے معاہدے کی طرف اشارہ تھا۔اس معاہدے کا اعلان عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعدی نے منگل کے روز کیا تھا۔ اس میں کہا گیا کہ امریکہ اور حوثیوں کے درمیان فائر بندی طے پا گئی ہے، جس کے تحت دونوں فریق ایک دوسرے کو، بشمول بحیرہ احمر اور باب المندب میں امریکی جہازوں کو، نشانہ نہیں بنائیں گے۔یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حوثیوں کے خلاف جاری فوجی کارروائی کو روکنے کے اچانک فیصلے کے بعد سامنے آیا۔ اس وقت ٹرمپ نے کہا تھا کہ حوثیوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملے روکنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور مزید کہا کہ وہ ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ تاہم، حوثی رہنما عبد الملک العجری نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ تمام بین الاقوامی جہاز رانی کے راستے محفوظ ہیں، سوائے اسرائیلی جہازوں کے اور اگر وہ گزرے تو انھیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ العجری نے واضح کیا کہ اسرائیل اس معاہدے سے باہر ہے، جب کہ دیگر امریکی اور غیر ملکی بحری جہاز اس میں شامل ہیں۔ یہ یاد رہے کہ غزہ میں جنگ چھڑنے کے بعد حوثیوں نے بحیرہ احمر اور بحر عرب میں اسرائیل سے منسلک یا اسرائیل کی جانب جانے والے جہازوں پر حملے شروع کیے تھے، اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ فلسطینیوں کی حمایت میں کیے جا رہے ہیں۔ بعدازاں حوثیوں نے امریکہ اور برطانیہ سے منسلک جہازوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا، خاص طور پر 2024 کے آغاز میں ان دونوں ملکوں کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کے جواب میں۔امریکہ نے مارچ 2025 سے یمن میں حوثیوں کے خلاف بھرپور فضائی مہم شروع کر رکھی ہے، جس میں تقریباً روزانہ حملے کیے جا رہے تھے۔ اسرائیل نے بھی دو روز قبل صنعاء اور الحدیدہ کے ہوائی اڈوں پر درجنوں فضائی حملے کئے۔