حوثیوں کے حملے قوانین کی خلاف ورزی : امریکی ارکان کانگریس

   

واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان میں خارجہ تعلقات کمیٹی نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یہ حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔العربیہ ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے امریکی کانگریس کے ارکان کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور یہ حملے فوری طور پر روکے جانے چاہئیں۔ انہوں نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرنے اور مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار پر زور دیا۔ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کہا ہے کہ حوثی باغیوں کے حملوں کی ناکام کوششوں کا ہدف عالمی معیشت کے اعصابی مرکز کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے الریاض میں اپنے روسی ہم منصب سیرگی لاوروف کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم یمن کے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔انہوں نے ان دہشت گردانہ حملوں کے خلاف مستحکم بین الاقوامی مؤقف کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی کہ راس تنورا بندرگاہ پر حملے کی بین الاقوامی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے حملوں پر امریکہ اور یورپی یونین کی طرف سے بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔یورپی یونین نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب میں شہری حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے یہ حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔