حوثی باغیوں کا ناروے کے جہاز پر کروز حملہ

   

صنعا : امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثیوں کے کنٹرول والے علاقے سے پیر کو داغے گئے میزائل سے ناروے کے پرچم والے جہاز کو نشانہ بنایا گیاجب وہ آبنائے باب المندب سے گزر رہا تھا۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔امریکی فوج کی سینٹرل کمان ‘سینٹ کام’ نے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے زیر کنٹرول یمنی علاقے سے پیر کے روز ایک جہاز شکن کروز میزائل سے موٹر ٹینکر سٹرینڈا پر اس وقت حملہ کیا گیا۔ یہ آبنائے یمن اور قرن افریقہ کے درمیان ہے۔ جہاز پر ناروے کا پرچم لگا ہوا تھا۔سینٹ کام کے مطابق میزائل کے ٹکرانے سے ٹینکر کو نقصان پہنچا اور جہاز میں آگ لگ گئی۔ اس نے تاہم کہا کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔امریکی فوجی کمان کا کہنا ہے کہ جس وقت یہ حملہ ہوا اس وقت آس پاس کوئی امریکی جہاز موجود نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حملہ آبنائے باب المندب سے تقریباً ساٹھ نوٹیکل میل شمال میں ہوا۔ امریکی بحریہ کا جہاز میسن امداد فراہم کرنے کے لیے جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو گیا۔خیال رہے کہ حوثی باغیوں نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ کسی بھی قومیت کے اسرائیل جانے والے تمام بحری جہازوں کو گزرنے سے روک دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ اگر غزہ کو امداد فراہم نہ کی گئی تو بحیرہ احمر میں اسرائیل کی طرف جانے والے تمام بحری جہاز اس کا جائز ہدف ہوں گے۔