حوثی کمانڈر صالح الشاعر پرامریکی پابندیاں

   

واشنگٹن : امریکی وزارت خزانہ نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ اس نے حوثی ملیشیا کے فوجی کمانڈر صالح مسفر الشاعر پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ مسفر حوثیوں کے زیر تسلط فوجی لاجسٹک سپورٹ تنظیم کی قیادت کرتے ہیں۔امریکی وزارت خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ الشاعر کی نگرانی میں یمنی شہریوں کی ایک سو ملین ڈالر سے زائد مالیت کی املاک ضبط کی گئیں اور مذموم مقصد کے لیے بھتہ خوری، بلیک میلنگ سمیت متعدد غیر قانونی طریقے استعمال کیے گئے ہیں۔10 نومبر کو سلامتی کونسل کی پابندیوں کی ذمہ دار کمیٹی نے الشاعر کو اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔حوثی ملیشیا کے دارالحکومت صنعا پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد ملیشیا نے اپنے رہنماؤں کے فائدے کیلئے سیاسی مخالفین کے گھروں میں لوٹ مار کرنے، املاک ضبط کرنے کی نئی پالیسی شروع کی تھی۔