حوثی ہمارا سفارت خانہ فوری خالی کر دیں : امریکہ

   

واشنگٹن : امریکہ نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صنعامیں امریکی سفارت خانے کی عمارت کو فوری طور پر خالی کر کے سفارت خانے کے یمنی ملازمین کو رہا کر دیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دارالحکومت میں مقامی ملازمین کی اکثریت کو رہا کر دیا گیا ہے،تاہم چند ملازمین ابھی تک حراست میں ہیں اورہم ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہم حوثیوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ سفارت خانے کی عمارت کو فوری طور پر خالی کر دیں اور ان تمام امریکی اشیا کو واپس رکھ دیں، جن پر حوثیوں نے قبضہ کیا۔ امریکی حکومت اپنے ملازمین کی رہائی اور سفارت خانے کو خالی کرانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گی۔ یاد رہے کہ حوثی ملیشیا نے صنعا میں سفارت خانے کی عمارت پر دھاوا بول کر وہاں موجود سامان و لوازمات کی بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی تھی۔ اس سے چند روز قبل سفارت خانے میں کام بند ٹھپ کرکے وہاں موجود تقریبا 25 افراد کو اغوا کر لیا گیا تھا۔