سیاسی کشمکش کا سال ، ظاہری مسکراہٹ ، اندرونی اختلافات حکمرانوں کے لیے خطرے کی گھنٹی
تلنگانہ میں ترقی کی امید مگر سیاست میں ٹکراؤ طئے ؟ اُگادی کے موقع پر پنڈت سنتوش کمار کی چونکا دینے والی پیش قیاسی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : اگادی تقریب کے موقع پر معروف پنڈت ڈاکٹر بی سنتوش کمار کی پیشن گوئیوں نے سیاسی و عوامی حلقوں میں دلچسپی پیدا کردی ۔ رویندرا بھارتی میں منعقدہ ایک تقریب میں انہوں نے مستقبل کی پیش قیاسی کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس تقریب میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی مہمان خصوصی شرکت کی ۔ پنڈت سنتوش کمار نے کہا کہ رواں سال حکمرانوں کے درمیان اختلافات اور اقتدار کی کشمکش میں اضافہ ہوگا ۔ جس سے انتظامی سطح پر کشیدگی دیکھنے کو مل سکتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سال بیک وقت چیلنجس اور مواقع دونوں لے کر آئے گا ۔ ایک جانب حکمران طبقے میں رسہ کشی بڑھے گی تو دوسری جانب عوامی بہبود ، اراضی اور زراعت کے شعبوں کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگی ۔ پنڈت نے پیش قیاسی کرتے ہوئے بتایا کہ دیہی ترقی اور زرعی پیشرفت کے ذریعہ ریاستی حکومت کو نیک نامی حاصل ہوسکتی ہے اور کسانوں میں خوشحالی آئے گی ۔ مالی امور پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ اس سال محکمہ فینانس سے وابستہ افراد کو سخت دباؤ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ اگر بروقت اور سخت فیصلے نہ کئے گئے تو مالی مشکلات ناگزیر ہوں گی ۔ انہوں نے حکومت کو احتیاط اور مضبوط مالی حکمت عملی اپنانے کا مشورہ دیا ۔ پنڈت سنتوش کمار نے کہا کہ جاریہ سال جنوبی ہند کے چیف منسٹرس کو خاص احتیاط برتنے کی ضروت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال کے مخصوص ادوار 31 اکٹوبر سے 6 دسمبر اور 25 جنوری سے 26 جون تک جنوبی ریاستوں کے چیف منسٹرس کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ کیوں کہ اس دوران حساس صورتحال پیدا ہونے کے امکانات پائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ’ گرو‘ کو بادشاہ کا درجہ حاصل ہے ۔ اس لیے وہ لوگ کامیاب ہوں گے جو نیک نیتی کے ساتھ کام کریں گے اور انصاف و دھرم کی حفاظت کریں گے ۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کے درمیان بظاہر مفاہمت نظر آئے گی لیکن اندرونی اختلافات برقرار رہ سکتے ہیں ۔ اس لیے صرف ظاہری حالات پر بھروسہ کرنے کے بجائے گہرائی سے جائزہ لینا ضروری ہوگا ۔ معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر سنتوش کمار نے کہا کہ اس سال قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔ خاص طور پر سونے کی قیمتوں میں اضافہ عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن سکتا ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ لوگ قرض لے کر اراضی خریدنے سے گریز کریں اور سرمایہ کاری میں احتیاط برتیں ۔ جب کہ نقد رقم کو بنک میں رکھنا محفوظ ہوگا ۔ اس سال بارش اچھی ہوگی ۔ حیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں گزشتہ سال کے مقابلے بہتری آنے کی امید ظاہر کی گئی ۔ انہوں نے بین ریاستی معاملات خصوصا پانی کی تقسیم پر بھی احتیاط برتنے کی تاکید کی ۔ ایسے حساس معاملات میں ذرا سی غفلت بڑے تنازعات کو جنم دے سکتی ہے ۔ عالمی حالات پر انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو قدرتی آفات سماوی بالخصوص سونامی جیسے خطرات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے ۔۔ 2