نئی دہلی، 6 فروری(سیاست ڈاٹ کام) کامرس انڈسٹری اور ریلوے کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے اور اس کے لئے وہ زیادہ صلاحیت والی بیٹریاں تیار کرنے کے لئے تحقیق و ترغیب اور وسیع چارجنگ نیٹ ورک پر توجہ دے رہی ہے ۔مسٹر گوئل نے یہاں عالمی توانائی پالیسی اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان میں ہم تیزی سے الیکٹرک گاڑیوں کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ الیکٹرک گاڑیوں کی آپریٹنگ اخراجات کم سے کم ہو اور ہر کار پٹرولیم ایندھن کی بجائے الیکٹرک ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے سبسڈی کو کم کرکے زیادہ صلاحیت والی بیٹریاں کو فروغ و تحقیق اور ملک گیر وسیع چارجنگ نیٹ ورکنگ پر خرچ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ سال 2030 تک ملک میں تقریبا تمام گاڑیاں سی این جی گیس ، ھائیڈروجن یا بجلی سے چلنے والی ہوں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں گیس توانائی کا بھی اہم مقام ہوگا۔ معدنی تیل بھی استعمال میں رہے گا۔ کول میتھین گیس سے بھی کاربن کا اخراج کم ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ‘ایز آف لیونگ’ کے لئے گڈ گورننس، مسلسل ذریعہ معاش اور صاف ماحول کے لئے مصروف عمل ہے ۔ سوچھ بھارت ابھیان اسی لئے چلائی گئی ہے ۔ اس سے کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں کافی مدد ملی ہے ۔ اجولا یوجنا اور ایل ای ڈی بلب منصوبہ سے سات ارب ڈالر کی بچت ہوئی ہے ۔ ایل ای ڈی بلب کے دام 85 فیصد کم ہوئے ہیں۔ریلوے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انڈین ریلوے کا 55 فیصد نیٹ ورک الیکٹریکل ہو گیا ہے ۔