حکومتوں کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپوزیشن متحد ہونے کا وقت آ گیا ہے

   

حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) ٹی جے ایس کے سربراہ پروفیسر کودنڈارام نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں کمی کرنے تک مسلسل احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے مخالف کسان بلز سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کی پھٹکار کے باوجود حکومتیں اپنی پالیسیوں کو تبدیل نہیں کررہی ہیں۔ کورونا سے ہزاروں خاندان معاشی بحران کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہیں سہارا دینے میں حکومتیں ناکام ہوگئی ہیں۔ پروفیسر کودنڈارام نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے اور ریاستی و مرکزی حکومتوں کے خلاف متحدہ طور پر جدوجہد کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی دورحکومت میں عوام مشکلات، مسائل اور پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ ملک میں پیدا ہوئے طبی و معاشی بحران پر قابو پانے میں مودی حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ N
سربراہ ٹی جے ایس نے کہا کہ 20 ستمبر سے ریاست تلنگانہ میں مودی حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کانگریس، کمیونسٹ جماعتوں اور ٹی جے ایس کی جانب سے مختلف احتجاجی پروگرامس کا آغاز جائے گا۔ 22 ستمبر کو اندراپارک پر مہادھرنا، 27 ستمبر کو بھارت بند اور 5 اکٹوبر کو کسانوں کے مسائل پر 400 کیلو میٹر تک راستہ روکو احتجاج کیا جائے گا۔ N